دنیا کے امیرترین سیلیبرٹی خاندان ’’کارڈیشین فیملی‘‘کی سب سے چھوٹی صاحبزادی ماڈل، امریکی ٹی وی اور سوشل میڈیا اسٹار’’کائلی جینر‘‘ اپنے نام کو کیش کرنے کے ہنر سے بخوبی واقف ہیں۔21سال کی عمر میں کم عمر ترین سیلف میڈ ارب پتی خاتون ہونے کا اعزاز، اداکارہ کی انہیں صلاحیتوں کامرہون منت ہے۔ کائلی کے حوالے سے مشہور ہے کہ’’ کیا ایسا کچھ ہے جو کائلی نہیں کرسکتی ؟‘‘
چھوٹی سی عمر میں ٹی وی شو پر کیریئر کا آغاز کرنا، کامیاب کاسمیٹک ایمپائر کی بنیاد رکھنا، فیشن برانڈ متعارف کروانا اور 20سال کی عمر میں ماں بننا، ان تمام امور میں سے کائلی کے لیے کچھ بھی مشکل نہیں رہا۔ تاہم کائلی کی خاصیت جو آج موضوع مضمون ہے، وہ ہے ان کا ’’فیشن سینس‘‘ جس کے سبب وہ آئے روز بین الاقوامی فیشن میگزین کےسرورق کی زینت بنی دکھائی دیتی ہیں۔ کائلی کے جاذب نظر انداز بھی ان کی فین فالوونگ میں اضافے کی ایک وجہ ہیں۔
اسپورٹس ویئر
کائلی کے عام انداز (Casual Looks) کی بات کی جائے تو اکثر ٹی وی اسٹار کا انتخاب زیادہ تر اسپورٹس لباس ہی ہوتے ہیں، کیژول لک میں کائلی کی ایتھلیٹک ڈریسنگ بے حد مشہور ہے، جس میں کائلی کے مداح ان کو اکثرو بیشتر دیکھتے رہتے ہیں۔ ایتھلیٹک لک کے لیے کائلی لیگنگ اور اسپورٹس ٹاپس کا انتخاب زیادہ کرتی ہیں، جو کہ نہ صرف آرام دہ لباس ہے بلکہ بے حد اسٹائلش بھی محسوس ہوتا ہے ۔ کائلی کے اسپورٹس ویئر ڈریسنگ لک کی ایک اور خاص بات، سائیڈ اسٹریپڈ پینٹس اور سیاہ انگوٹھی کا انتخاب ہے ۔
کراپ ٹاپس
کائلی کا کہنا ہے کہ لباس صرف شخصیت ہی نہیں فٹنس کے اظہار کا ذریعہ بھی ہے۔ ڈریسنگ اسٹائل کے انتخاب کے دوران جتنا خیال ٹرینڈز کا رکھنا چاہیے، اتنا ہی فٹنس کا بھی۔ یہی وجہ ہے کہ لباس کے ذریعے کائلی کی فٹنس کا اندازہ بخوبی لگایا جاسکتا ہے۔ ہر طرح سے فٹ اور اسمارٹ نظر آنے والی کائلی کیژول لک کے علاوہ کراپ ٹاپس کا انتخاب بھی زیادہ کرتی ہیں۔ کراپ ٹاپس ڈیزائن میں کائلی عام طور پر ہائی نیک ٹاپ زیادہ پہنتی ہیں، جو کہ ان کی خوبصورت سی گردن کو مزید نمایاں کردیتا ہے ۔ ہائی نیک اسٹائل پر کراپ ٹاپس کے ہمراہ ،کمر سے اونچی باندھی گئی پینٹس ، پھٹی جینز یا پھر ڈھیلے ڈھالےٹراؤزر کا انتخاب بھی کائلی کے حسن میں دگنے اضافے کاباعث بنتا ہے۔
منی اسکرٹ
کائلی کے اسٹریٹ لک یا ریڈ کارپٹ اسٹائل کی بات کی جائے تو منی اسکرٹ لباس تمام ملبوسات پر غالب نظر آتا ہے۔ امریکا کی سڑکیں ہوں ، ریمپ واک ہو یا پھر مختلف تقاریب، کائلی اکثرو بیشتر منفرد طرز اور فیبرک پر مشتمل منی اسکرٹ پہنے نظر آتی ہیں۔ سرد موسم میں منی اسکرٹ کے ہمراہ پہنی گئی ڈینم جیکٹ ان کی اسمارٹنس کو چار چاند لگادیتی ہے۔ منی اسکرٹ کے ساتھ سینڈلز کا انتخاب تو عام ہے ہی لیکن کائلی کا "Knee Boots"کے ساتھ منی اسکرٹ پہننا ایک منفرد اور بہترین اسٹائل سمجھا جاتا ہے۔
ریٹرو اسنیکرز
ایک تحقیق کے نتائج کے مطابق گزشتہ برس خواتین میں ہیلز کی خریداری کا رجحان 12فیصد کم دیکھنے میں آیا۔ اس کے برعکس خواتین کی توجہ اسنیکرز پر زیادہ رہی۔ اس کی خریداری گزشتہ برس کے مقابلے میں 37فیصد زیادہ دیکھنے میں آئی۔ دنیا بھر میں اسنیکرز کی ایک ارب ڈالرز سے زائد کی مارکیٹ موجود ہے۔ اسنیکرز سیلیبرٹی فیشن ایسیسری کا لازمی حصہ تصور کیے جاتے ہیں۔ ان سیلیبرٹیز میں کائلی بھی سرفہرست سیلیبرٹیز کے طور پر شامل ہیں۔ روزمرہ معمولات میں کائلی سوٹ پینٹس، بڑی ٹی شرٹ اور کمر سے اُونچی ڈینم کے ساتھ ریٹرو اسنیکرز پہنے نمایاں نظر آتی ہیں۔ آپ بھی کائلی کے اس انداز کی بآسانی نقل کرسکتی ہیں، اس کے لیے آپ نے ریٹرو اسنیکرز کے لیے سفید یا کالے رنگ میں سے کسی ایک کا انتخاب کرتے ہوئے اسے اپنے سراپے کا حصہ بنانا ہوگا۔
بالوں کا انداز
کائلی کے ڈریسنگ اسٹائل کی بات ہواور ان کے خوبصورت ، منفرد اور اسٹائلش ہیئر لک کاذکر نہ ہو، ناممکن سی بات ہے۔کائلی فیشن ٹرینڈز میں بالوں کے اسٹائل اور کلرز ٹرینڈز کا بھی خاص خیال رکھتی ہیں، یہی وجہ ہے کہ ہر کچھ عرصے بعد ان کا ہیئر اسٹائل تبدیل نظر آتا ہے۔ وہ چاہے کسی نئے اور خوبصورت ہیئرکٹ کے ساتھ دکھائی دیں یا پھر کسی تقریب میں شرکت کے لیے وگ اسٹائل اپنائیں، ان کے لباس کی طرح ان کا ہیئر اسٹائل بھی مداحواں کو متاثر کرنے کا اہم ذریعہ ثابت ہوتا ہے۔ کائلی کے پسندیدہ ہیئر اسٹائل میں باکسر بریڈ اورسلیک باب ہیئر اسٹائل کے ساتھ ان کے ٹرینڈی ہیئر کلرز شامل ہوتے ہیں جن میں منفرد پنک، ریڈ، گرین اور بلو ہیئر کلر نمایاں ہیں۔