سکھر (بیورو رپورٹ، چوہدری محمد ارشاد) معروف اداکارہ مہوش حیات ہاکی کو نئی حیات دینے کیلئے کوشاں ہیں، انہوں نے کہا ہے کہ قومی کھیل ہاکی کو نظر انداز کرنے کے باعث ہم اولمپکس میں رسائی حاصل نہیں کرسکے جو کہ افسوسناک ہےَ
حکومت اور میڈیا دیگر کھیلوں پر بھی توجہ دیں۔ ہاکی کی فرنچائز بناکر ٹیم بھی بناؤں گی۔ وہ سکھر میں ویمن ہاکی ایسوسی ایشن کے زیر اہتمام پیپلز ہاکی اسٹیڈیم میں 10 روزہ سمر ویمن کیمپ میں شرکت کے بعد میڈیا سے بات چیت کررہی تھیں۔ مہوش حیات نے کہا کہ قومی کھیل ہاکی کو پروموٹ کرنے کا فیصلہ کیا ہے،حکومت بھی کھلاڑیوں کو فنڈز اور سپورٹ فراہم کرے۔ بچیوں کا جوش و جذبہ دیکھ کر بہت خوشی ہوئی ہے، ہاکی کے کھیل کو فروغ دینے کے لئے جیو سپر کی خدمات قابل تعریف ہیں۔ انہوں نے سمر کیمپ میںلڑکیوں کے ساتھ ہاکی کھیلی اور سیلفیاں بنوائی جبکہ میئر سکھر بیرسٹر ارسلان اسلام شیخ کی جانب سے انہیں سندھی ثقافتی چادر تحفے میں پیش کی گئی۔