ملتان( سٹاف رپورٹر)ملتان ڈویژن میں شجر کاری مہم کا باقاعدہ آغاز کردیا گیا ، پلانٹ فار پاکستان ڈے کا افتتاح کمشنر افتخار سہو نے پودا لگا کر کیا، انہوں نے کہا کہ مہم کے دوران ڈویژن بھر میں 15ہزار پودے عوام میں مفت تقسیم کئے جائیں گے جبکہ ان کی تقسیم کیلئے ملتان ڈویژن میں 31پوائنٹ بنائے گئے ہیں ، ملتان ڈویژن میں مون سون سیزن میں 4لاکھ 60ہزار تیار پودے لگائے جائیں گے ،کمشنر نے بتایا کہ قسور گردیزی روڈ پر 250، زکریا پارک میں 75، سدرن بائی پاس پر 7000، نادرن بائی پاس پر 4000تیاردرخت لگائے جارہے ہیں ،چیف کنزرویٹر فاریسٹ محمد اجمل رحیم نے بتایا کہ حکومت پنجاب کی ہدایت پر 8اگست سے 14اگست تک پلانٹ فار پنجاب مہم کا بھی آغاز کیا جارہاہے ،ڈپٹی کمشنر عامر خٹک نے کہا کہ شجر کاری کو صرف سرکاری مہم کے طور پر نہیں دیکھنا چاہئے ، ہر شہری اپنے گھر ، دفتر میں شجر کاری کرکے حکومت کا ساتھ دے،جشن آزادی منانے کا اس سے بہتر طریقہ اور کوئی نہیں کہ ہم شجر کاری کریں،اس موقع پر سی پی اوزبیر دریشک ، ایڈیشنل کمشنرز سرفراز احمد ، محمد شفیق ، ڈی جی پی ایچ اے زاہد اکرام و دیگر افسران موجود تھے ،بعدازاں کمشنر کی قیادت میں شجرکاری آگاہی واک بھی کی گئی ۔