• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بھارتی خواتین سے شادی کرنے والے پاکستانی کرکٹرز


پاک بھارت محاذ آرائی تو دونوں ملکوں کے قیام سے ہی چل رہی ہے، کبھی سیاست کی لڑائی تو کبھی کرکٹ کی لڑائی، لیکن پھر بھی دونوں کےعوام کے دِلوں میں کہیں نہ کہیں ایک دوسرے کے لیے پیار اور محبت کے جذبات موجود ہیں۔

پاکستانی اور بھارتی کرکٹرز اور فنکاروں نے آپس میں اچھے تعلقات روا رکھے ہوئے ہیں، سرحد کے دونوں پار کے لوگ امن اور دوستی کاپیغام دیتے ہیں، اسی پیغام کو مزید پروان چڑھاتے ہوئے کچھ قومی کر کٹرز دکھائی دیتے ہیں، جو پڑوسی ملک بھارت سے دلہنیا بیاہ کر لائے ہیں۔

محسن خان :

محسن خان 70 کی دہائی کے آخر اور 80 کی دہائی کے پاکستانی کرکٹ ٹیم کے اوپنر، سابق کرکٹر محسن خان نے 1983 میں بالی ووڈ اداکارہ ’رینا رائے‘ سے شادی کی، جب وہ اپنے کیریئر کے عروج پر تھیں۔

اہلیہ رینا رائے کی بدولت محسن خان ایک درجن سے زیادہ بالی ووڈ فلموں میں نظر آئے، جن میں 1989 کی ’بٹوارا‘ اور 1991 کی سنسنی خیز فلم ’ساتھی‘ جیسی مشہور فلمیں شامل ہیں، تاہم یہ شادی زیادہ دیر تک نہ چل سکی اور 90 کی دہائی کے شروع میں ہی ان کی علیحدگی ہوگئی۔

ظہیر عباس:

سابق پاکستانی کھلاڑی ظہیر عبا س کو ’ایشین بریڈ مین‘ کہا جاتا ہے، جن کا شمار ملک کے بہترین بیٹسمین میں کیا جاتا ہے۔

ظہیر عباس 1980 میں انگلینڈ میں کرکٹ کائونٹی کھیلنے گئے تھے، جہاں ان کی ملاقات بھارتی خاتون ’ریٹا لوتھرا‘ سے ہوئی، ریٹا لوتھرا اس وقت انٹیریئر ڈیزائننگ کی طلبہ تھیں، اور وہاں سے ان کی دوستی کا آغاز ہوا۔

1988 میں دونوں نے دوستی کے رشتے کو شادی کے رشتے میں تبدیل کردیا، ظہیر عباس کی اہلیہ ریٹا لوتھرا نے شادی کے بعد اپنا نام تبدیل کرکے ثمینہ عباس کردیا۔

واضح رہے کہ ظہیر عباس اپنی اہلیہ کے ساتھ کراچی میں رہائش پذیر ہیں، اور ان کی اہلیہ اپنا انٹیریئر ڈیزائننگ کا کاروبار چلا رہی ہیں۔

شعیب ملِک:

شعیب ملِک اور ثانیہ مرزا کے جوڑے کو کھیل کی دنیا میں معروف جوڑا سمجھا جاتا ہے، شعیب ملِک پاکستان کرکٹ کے ایک تجربہ کار کھلاڑی ہیں جبکہ ثانیہ مرزا بھارت کی لیجنڈ ٹینس اسٹار ہیں۔

شعیب ملِک اور ثانیہ مرزا کی ملاقات 2010 کے شروع میں آسٹریلیا میں ہوئی تھی، اس وقت شعیب ملِک پاکستان کی ٹیسٹ کرکٹ ٹیم کی نمائندگی کر رہے تھے، اور پھر اسی سال اپریل کے مہینے میں دونوں شادی کے بندھن میں بندھ گئے۔

واضح رہے کہ شعیب ملک اور ثانیہ مرزا کا ایک بیٹا ہے اور دونوں دبئی میں رہائش پذیر ہیں۔

حسن علی:

فاسٹ بولر حسن علی بھی بھارتی سے دلہنیا لانے کو تیار ہیں۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق، حسن علی بھارتی فلائٹ انجینئر ’شامیہ آرزو‘ سے 20 اگست کوابو ظہبی میں نکاح کریں گے، جبکہ حسن علی نے اپنے ایک ٹوئٹ میں لکھا ہے کہ دونوں خاندان کی ملاقات کے بعد ہی شادی کی تاریخ کا حتمی اعلان ہوگا۔

واضح رہے کہ حسن علی اور شامیہ آرزو کی پہلی ملاقات ورلڈ کپ کے دوران انگلینڈ میں ہوئی تھی۔

تازہ ترین