• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

اسرائیلی وزیرِ دفاع نے غزہ میں برج النور ٹاور کی تباہی کی ویڈیو جاری کردی


غزہ سٹی میں اسرائیلی فوج نے ایک اور بلند عمارت کو نشانہ بنایا ہے، جس کے بارے میں دعویٰ کیا گیا کہ اسے حماس اسرائیلی فوجیوں پر حملوں کے لیے استعمال کر رہی تھی۔

اسرائیلی وزیرِ دفاع یسرائیل کاٹز نے سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو جاری کی ہے جس میں برج النور ٹاور کو زمین بوس ہوتے ہوئے دکھایا گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ حماس کا ٹاور برج النور منہدم کردیا گیا ہے اور غزہ کے شہریوں کو ہدایت ہے کہ وہ علاقے کو خالی کر کے جنوب کی طرف نکل جائیں۔

اسرائیلی وزیر دفاع نے مزید کہا کہ اسرائیلی فوج ان ٹھکانوں کو تباہ کرنے کا سلسلہ اس وقت تک جاری رکھے گی جب تک کہ حماس کو شکست نہ دے دی جائے اور تمام یرغمالیوں کو رہا نہیں کروایا جائے۔

دوسری جانب  فلسطینی سول ڈیفنس کے مطابق صرف گزشتہ چند ہفتوں میں کم از کم 50 کثیر المنزلہ عمارتیں تباہ کی جا چکی ہیں، غزہ سٹی کے علاقے الزیتون میں اگست کے آغاز سے اب تک 1,500 سے زائد گھروں اور عمارتوں کو تباہ کیا جا چکا ہے۔

اسرائیلی فوج نے آج غزہ میں فضائی حملوں کے ذریعے 2 اقوام متحدہ کے اسکولوں کو نشانہ بنایا جہاں بے گھر فلسطینی پناہ گزین تھے، جس میں کم ازکم 23 افراد شہید ہوگئے،  آج اسرائیلی فوج کی کارروائیوں میں ایک دن کے دوران غزہ میں 51 افراد شہید ہوئے۔

سرکاری اعداد و شمار کے مطابق اسرائیلی بمباری اور جبری انخلا کے احکامات کے باوجود اب بھی 13 لاکھ سے زائد فلسطینی، جن میں 3 لاکھ 50 ہزار بچے شامل ہیں، غزہ سٹی اور شمالی علاقوں میں پھنسے ہوئے ہیں۔

اسرائیلی صدر کے تعارف میں غزہ مظالم کا ذکر، اسحٰق ہرزوگ پہلو بدلتے رہے

غزہ پر اسرائیل فوج کے حملوں میں 7 اکتوبر 2023 سے اب تک کم از کم 64 ہزار 803 فلسطینی شہید اور ایک لاکھ 64 ہزار سے زائد زخمی ہوچکے ہیں، حکام کا کہنا ہے کہ ہزاروں افراد اب بھی ملبے تلے دبے ہوئے ہیں۔

بین الاقوامی خبریں سے مزید