اوکاڑہ،پھول نگر،پتو کی (نمائندہ جنگ) نائب صدر مسلم لیگ (ن) مریم نواز نے کہاہے کہ اگر عوام چاہتے ہیں کہ روٹی سستی ہو اور کاروبار چلے تو موجودہ حکومت کا بائیکاٹ کریں اور مسلم لیگ (ن) کے ہاتھ مضبوط بنائیں، تحریک انصاف کی حکو مت نیب کے ذریعے انتقامی کارروائی کر کے ہمیں ڈرانا چاہتی ہے مگر ہم ڈرنے والوں میں سے نہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پتوکی میں ورکرز سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ قبل ازیں مریم نواز کا جی ٹی روڈ پر جگہ جگہ استقبال کیا گیا ۔ پتوکی میں مختصر خطاب کے بعد جب مر یم نواز پاکپتن کی جا نب روانہ ہو نے لگیں تو کارکنوں نے ن لیگ کے حق اور تحریک انصاف کے خلاف نعرے بازی کی۔ قبل ازیں مریم نواز کا لاہور سے پاکپتن جاتے ہوئے پھول نگر میں بھی استقبال ہوا۔لیگی رہنماؤں سابق اسپیکرپنجاب اسمبلی رانا اقبال،رکن قومی اسمبلی رانا اسحاق خاں،سابقہ ایم این اے رانا حیات خاں،سابقہ ضلعی چیئرمین رانا سکندر حیات سمیت کارکنو ں اور کارکنوں کی بڑی تعداد نے ان کا پھول نگر اور پتوکی میں استقبال کیا۔ نمائندہ جنگ اوکاڑہ کے مطابق مریم نوازپاکپتن جاتے ہوئے جی ٹی روڈ اوکاڑہ بائی پاس پر پونے9بجے پہنچیں۔مسلم لیگ ن کے رکن قومی اسمبلی چوہدری ریاض الحق جج،ایم پی اے چوہدری منیب الحق اوکاڑہ میں بڑا استقبالی ہجوم اکٹھا کرنے میں کامیاب رہے۔ مریم نواز نے گاڑی سے باہر نکل کر خطاب شروع کیا تو کارکنوں نے نعرے لگائے۔مریم نواز کی آمد سے قبل جی ٹی روڈ کی دو طرفہ سڑکوں پر ٹریفک رواں دواں رہی تاہم ان کی آمد پر ساہیوال جانے والی سڑک عوام کے رش کی وجہ سے بند ہو گئی۔