پیپلز پارٹی کے مرکزی رہنما خورشید شاہ نے کہا ہے کہ سینیٹرز اجلاس سے چلے جاتے، ووٹ نہ دیتے پر بکتے نہیں، انہوں نے ملک کی جگ ہنسائی کرائی۔
سکھر میں میڈیا سے گفتگو میں خورشید شاہ نے استفسار کیا کہ جس ملک کے ایوان بالا کے ارکان بک جائیں، پارٹی سے غداری کریں، ان کے اس عمل سے ملک کو کیا عزت ملے گی؟
انہوں نے کہا کہ سیاستدانوں کو جیل میں ڈال کر کمزور نہیں کیا جاسکتا، ان کے پاس ایک ایکڑ بھی سرکاری اراضی ثابت ہوجائے تو وہ سیاست چھوڑ دیں گے۔
پی پی رہنما نے مزید کہا کہ حکمران کہتے ہیں، ہم کام سے روک رہے ہیں، سینیٹر چوری ہوئے تو کیا ہم روک سکے؟
ان کا کہنا تھا کہ میں سیاست کرتا ہوں، مجھے اللّہ نے عزت دی ہے جو کوئی بھی چھین نہیں سکتا۔
خورشید شاہ نے یہ بھی کہا کہ کہا جاتا ہے لوگوں نے کام کرنا چھوڑ دیا ہے، وہ خوفزدہ ہیں،ڈر گئے ہیں، عمران خان نیازی ہے، ڈر وہ رہا ہے۔