• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

شہر یوں کو کانگو وائرس سے بچائو کیلئے احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت

راولپنڈی (نمائندہ جنگ) قائم مقام چیف ایگزیکٹو آفیسر ہیلتھ راولپنڈی ڈاکٹر نوید اختر نے کہا ہے کہ عیدالاضحی کے موقع پر ضلع راولپنڈی میں قربانی کے جانوروں کی کثیر تعداد میں آمد کے پیش نظر کانگو سے بچائو کے حوالے سے ہرممکنہ انتظامات کئے گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ شہریوں کو کانگو سے بچائو کیلئے مویشی بردار گاڑیوں میں موجود جانوروں کو چیچڑ مار سپرے کرنے کیلئے ضلع بھر کے تمام داخلی راستوں پر محکمہ لائیو سٹاک کا عملہ بمعہ ادویات اپنی ڈیوٹی سرانجام دے رہا ہے۔ ڈاکٹر نوید اختر نے کہا کہ قربانی کے جانوروں کی خریدو فروخت کیلئے جانے والے شہری محکمہ صحت کی طرف سے دی گئی احتیاطی تدابیر کو ضرور اپنائیں۔ کانگو وائرس سے بچائو کیلئے چند احتیاطی تدابیر کے طور پر مویشی منڈیوں میں ہلکے رنگ کے پوری آستینوں والے کپڑے پہن کر جائیں اور مویشیوں کا معائنہ ہاتھوں میں دستانے پہن کر کریں۔ بند جوتے موزوں کے ساتھ پہن کر مویشی منڈی میں جائیں اور منڈی سے واپسی کے بعد فوری غسل کر کے اپنے لباس کا بھی چیچڑوں کے حوالے سے معائنہ کریں۔ اپنے لباس اور جسم کے کھلے حصوں پر حشرات سے بچائو کا لوشن لگائیں۔ ڈاکٹر نوید اختر نے ہدایت کی کہ اگر لباس پر کوئی چیچڑ نظر آئیں تو گھبرائیں نہیں‘ کپڑے‘ چمٹی یا پھر ٹشو کی مدد سے ان چیچڑوں کو جلد کے قریب سے ہٹا دیں۔ چیچڑ کاٹ لے تو مائوف جگہ کو صابن سے اچھی طرح دھو کر جراثیم کش دوا لگالیں۔ ڈاکٹر نوید اختر نے کہا کہ کانگو بخار کی کوئی ویکسین ایجاد نہیں ہوئی تاہم احتیاطی تدابیر اپنا کر اس بیماری سے بچا جا سکتاہے۔
تازہ ترین