پنڈدادن خان ( نمائندہ جنگ ) مسلم لیگ ن کی رہنمامریم نواز نے کہا ہے کہ لوٹوں کو بخشنا مت انکے گھروں کا گھیراؤ کرنا جو مشکل میں اپنی پارٹی سے غداری کرے اسے سیاست میں رہنے کا کوئی حق نہیں پاکستانی عوام کشمیری بھائیوں کے ساتھ کھڑے ہیں ،پاکستان کشمیر کے ساتھ ہے جب کشمیریوں کو چوٹ لگتی ہے تو درد پاکستانیوں کو ہوتا ہے، کشمیریوں کا جب خون بہتا ہے تو وہ خون پاکستانیوں کی رگوں میں دوڑتا ہے ،پاکستانی عوام کشمیر کے ساتھ شیشہ پلائی دیوار کی طرح کھڑے ہیں۔لیہ میں مسلم لیگ ن کے ایم پی اے حاجی ناصر محمود للِہ کی رہائش گاہ پر بڑی ریلی سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ جب نواز شریف نے ایٹمی دھماکے کیے تھے تو انہوں نے یہ نہیں کہا کہ بھارت کا وزیر اعظم میرا ٹیلی فون نہیں سنتا ۔ انہوں نے کہا کہ نواز شریف جس نے صنعتوں کو چلایا وہی نواز شریف آج کوٹ لکھپت جیل میں قید ہے۔ اس کا قصور یہ ہے کہ وہ عوام کے دلوں میں کیوں بس رہا ہے۔