• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

لگتا تو یہی ہے کہ زندگی کے چار عناصر یعنی آگ، ہو ا، مٹی اور پانی کے بعد گوگل پانچویں عنصر کے طورپر ہمارے سامنے آگیا ہے کیونکہ اب اس کے بغیر بھی گزارا مشکل لگتا ہے۔ صبح سے لے کر شام تک ہم کسی نہ کسی حوالے سے گوگل کی خدمات حاصل کرتے رہتے ہیں۔ ایک ریسرچ کے مطابق لوگوں کی ایک بڑی تعداد دن میں دس بارہ مرتبہ اس سرچ انجن کواستعمال کرتی ہے۔ مزے کی بات یہ ہے کہ اگر آپ کو گوگل کے بارے میں کوئی معلومات درکار ہوں تب بھی آپ کو اس کیلئے گوگل ہی کرنا پڑے گا۔


کچھ ڈھونڈنا ہو، معلوم کرناہو، خبر جاننی ہو، تصاویر یا ویڈیوز دیکھنی ہوتو سب سے پہلے گوگل ہی ذہن میں آتاہے، لیکن بعض اوقات آپ کو وہ نتائج جلد نہیں مل پاتے، جن کی آپ کو فوری تلاش ہوتی ہے۔ آپ کو اپنے درج کیے ہوئے الفاظ یا جملو ں کی تکرارکرنی پڑتی ہے کیونکہ غیر متعلقہ مواد بھی سرچ میں آرہا ہوتا ہے۔ دراصل گوگل کا سب سے بڑا ذریعہ دریافت کا ہے، یعنی جو ٹرینڈ چل رہا ہوتاہے یا جس موضوع پر لوگوں کی کثیر تعداد دلچسپی ظاہر کررہی ہوتی ہے، گوگل سب سے پہلے اسے سامنے لاتا ہے۔

اب سوال یہ پیدا ہوتا ہے کہ آپ جو کاروبار کررہے ہیں یا انٹرنیٹ پر موجود آپ کی ویب سائٹ کس طرح گوگل سرچ کی ترجیحات میںشامل ہو، وہ پہلے صفحے پر نظر آجائے اور کس طرح اس کی رینکنگ بڑھے؟ اس سوال کا جواب گوگل سے بھی ڈھونڈا جاسکتا ہے، ہم بھی اس کیلئے کوشش کرتے ہیں۔

رینکنگ کیسے بڑھائی جائے ؟

آپ کو اپنی کمپنی یا ویب سائٹ کی گوگل میں عمدہ رینکنگ حاصل کرنے کیلئے مہینوں یا برسوں کی ضرورت نہیں۔ گوگل نیوز (Google News) کے ذریعے آپ گوگل کے پہلے صفحے پر جگہ پا سکتے ہیں۔ اس سلسلے میں گوگل پہلے ہی سے رہنما ہدایات فراہم کرچکاہے، تاہم ہم نے جومؤثر پایا وہ ذیل میں درج ہے :

■ آپ کو اہمیت کاحامل اور توجہ حاصل کرنے والا نیوز کانٹینٹ لکھنا ہوگا۔اگرآپ کو نیوز کانٹینٹ کی تلاش میں مشکلات پیش آرہی ہیں، تو پھر آپ Google Trendsپر چلے جائیں او ر وہاں دیکھیں کہ اس وقت گرما گرم یعنیHotٹرینڈ کیا چل رہاہے۔

Yoast SEOپلگ اِن کے ذریعے ایک گوگل نیوز سائٹ میپ تخلیق کریں۔ جب آپ کے پاس اہم اور قابلِ قدر نیوز کانٹینٹ ہوگا تو یہ تیزی سے لوگوں کی نظروں میں آئے گا۔

آپ کا URLاسٹرکچر منفرد ہونا چاہئے۔ اگر آپ کے URLمیں نیوز سے متعلقہ ’کیِ ورڈز‘ نہیں ہیں تو پھر آپ کو رینک میں کم نمبر ملنے والے ہیں۔ جب لوگ کسی ٹرینڈ یا نیوز کو شدومد سے تلاش کررہے ہوں گے تو یوآر ایل میں مخصوص یا متعلقہ الفاظ کی شمولیت سےآپ کی ویب سائٹ سرفہرست آجائے گی۔ مزید برآں، اگر آپGoogle Newsکی ہدایات پر عمل کریںگے تو یہ آپ کے لیے اور بھی بہتر ہوگا۔

گوگل مائی بزنس

بحیثیت ایک بزنس مین آپ بھی یہ بات جان چکے ہوں گے کہ آن لائن بزنس اور مارکیٹنگ کسی بھی کاروبار کے فروغ کیلئے انتہائی اہمیت اختیار کرچکے ہیں جبکہ اسمارٹ فون ایپس بھی اس حوالے سے کلیدی کردار ادا کررہی ہیں۔ فی زمانہ ہر کوئی اپنے کاروبار کو ترقی دینے کیلئے آن لائن سہولتوں سے استفادہ حاصل کر رہاہے۔ اسی چیز کو مد نظر رکھتے ہوئے گوگل نے ’مائی بزنس‘ کا تازہ ترین ورژن جاری کردیا ہے ۔ اس میں تاجروں کیلئے زبردست سہولت موجود ہےکیونکہ اس ایپ کے ذریعےکمپنی مالکا ن اپنی تجارتی معلومات کو ’گوگل مائی ایپ‘ کےذریعے مشتہر کرسکتے ہیں۔ گوگل کی مائی بزنس نامی اس ایپ کے متعلق ا س کے پراڈکٹ لیڈر پریٹ چرٹر کا کہناتھا، ’’ ہم نے ا س ایپ میں نئی سہولتیں اور فیچرز شامل کیے ہیں اور ہمیںامید ہے کہ اس اَپ ڈیٹڈ ایپ سے تاجروں کو نئے صارفین تک رسائی میں بہت زیادہ آسانی ہوجائے گی۔ اس ایپ کی خصوصیت یہ ہے کہ اس میں کوئی بھی تاجر اپنی کاروباری تفصیلات میں بآسانی ترمیم و تبدیلی کرسکتاہے ‘‘۔

چند اہم مشورے

■تازہ ترین مٹیریل، نئی و منفرد تصاویر، بلاگز اور آ پ کی ویب سائٹ کا لنک سرچ انجن کے پہلے صفحے پر آنے کاامکان بڑھا سکتے ہیں۔

■آپ کو مائی گوگل، مائی بزنس ایپ، فیس بک پیچ اور دیگر سوشل میڈیا پر اپنی ویب سائٹ پر شائع ہونے والے مضامین کے لنکس، اعلانات اور دیگر کاروباری سرگرمیوں کو باقاعدگی سے شیئر کرنا ہوگا۔

■یہ بات یقینی بنائیں کہ آپ کے دفتر کے پتے(Postal Address) کی انٹری بھی گوگل میپ پر موجود ہو، جوکہ گوگل مائی بزنس ایپ پر انٹری بناتے وقت ہو جائے گی۔

■لوگ کوئی بھی چیز خریدنے سے پہلے انٹرنیٹ پر اس کے ریویوز ضرور پڑھتے ہیں، اسی لئے کوشش کریں کہ اپنی پراڈکٹ یا سروس کا نام لکھ کر چیک کرتے رہیں کہ لوگوں کے اس بارے میں کیا تاثرات قائم کررہے ہیں۔ مثبت ریویوز آپ کیلئے مزید کسٹمرز بڑھنے کا ذریعہ بنیں گے۔ اگرمنفی ریویوز آرہے ہیں تو ان خامیوں کو دور کرنے کی کوشش کریں۔ اپنے کاروبار کا آن لائن امیج بہتر کرنا آپ کے کاروبار کیلئے نہایت ضروری ہے۔

تازہ ترین