• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

وزیر خارجہ شاہ محمود حج کی ادائیگی کیلئے سعودی عرب چلے گئے

اسلام آباد (فاروق اقدس) مصدقہ ذرائع سے معلوم ہوا ہے کہ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی حج کی ادائیگی کیلئے گزشتہ شب سعودی عرب چلے گئے ہیں ایک ایسی صورتحال میں جب مقبوضہ کشمیر کی صورتحال کے تناظر میں بحیثیت وزیر خارجہ ان کا کردار غیر معمولی اہمیت کا حامل ہے اور ان کی وطن میں موجودگی صورتحال کی لازمی متقاضی ہے۔ شاہ محمود قریشی کی سعودی عرب روانگی پر بعض سوالات اٹھے ہیں۔ مذکورہ ذرائع کے مطابق اس حوالے سے شاہ محمود قریشی کا کہنا ہے کہ میں پہلی مرتبہ حج کی سعادت حاصل کرنے کیلئے سعودی عرب آیا ہوں حج کیلئے بلاوا قسمت والوں کیلئے آتا ہے کشمیر کی موجودہ کشیدہ حالات میں وہ سعودی عرب میں بیٹھ کر بھی اپنی بھرپور سفارتی کوشیش جاری رکھے ہوئے ہیں تاہم موجودہ حالات میں قوم اور وزیراعظم نے ضروری سمجھا تو میں وزیراعظم کے حکم پر واپس آجائوں گا۔ یہاں یہ بات اہم ہے کہ آج (منگل) پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس مقبوضہ کشمیر میں بھارت کی جانب سے کئے گئے اقدامات اور وادی کی کشیدہ صورتحال سمیت بالخصوص مقبوضہ کشمیر کی خصوصی حیثیت سے متعلق آئین کے آرٹیکل 370 کو ختم کرنے کے تناظر میں ایوان میں بحث ہوگی اور امکانی طور پر اس حوالے سے کوئی قرارداد بھی منظور ہوگی جبکہ ٹرمپ انتظامیہ کی جنوبی، وسطی ایشیا کیلئے معاون وزیر خارجہ ایلس ویلز بھی آج پاکستان کے دورے پر اسلام آباد آرہی ہیں ۔
تازہ ترین