سابق صدر آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ مشرقی پاکستان کےبعد کشمیر کا واقعہ دوسرا بڑا واقعہ ہے، اس مسئلےکو سمجھنے کے لیے ہمیں تاریخ کو جاننا ہوگا کہ ہم مشرقی پاکستان کی جنگ کیوں ہارے تھے؟ میں اس پر بات نہیں کرنا چاہتا ہوں، قائداعظم کےدو قومی نظریے کو آج کشمیر کے وہ رہنما بھی مان رہے ہیں جو بھارت کےساتھ تھے۔
پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری نے پارلیمنٹ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئےکہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی کشمیر کے کاز پر ہی وجود میں آئی تھی، اندرا گاندھی نے بھٹو سے کہا کہ فوج لے لیں یا زمین لے لیں، بھٹو نے کہا کہ زمین دے دو، بھٹو نےحکمت سےاندرا گاندھی سے پاکستان کی زمین واپس لی۔
انہوں نے موجودہ حکومت کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ یہ ہم سے پوچھتے ہیں کہ میں کیا کروں، اگرخدانخواستہ میرے وقت میں یہ ہوتا تو میری پہلی فلائٹ ہوتی ابوظہبی، دوسری چین، تیسری روس اور پھر ایران سے ہوتا ہوا واپس آتا۔
ان کا کہنا تھا کہ آج بھی یہی فارمولا ہے کہ ہمیں دوستوں کو پھر ملانا ہے۔
انہوں نے چین کے لوگوں کے بارے میں کہا کہ چین کے لوگ بہت مختلف ہیں، بدقسمتی سےآپ عملی طور پر ان کی بے عزتی کررہے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ عوام آج اپوزیشن کےساتھ کھڑی ہے، آپ کے ساتھ نہیں۔