اسلام آباد (نمائندہ جنگ، جنگ نیوز) سپریم کورٹ نے کوئٹہ میں کاروباری شراکت داری کے نام پرمبینہ طور لوگوں کے کروڑوں روپے خورد برد کرنے کے ملزم حشمت اللہ شاہ کو بری کر دیا ہے۔ چیف جسٹس آصف سعید کھوسہ نے ریمارکس دئیے ہوئے کہا کہ نیب قانون کا یہ مطلب نہیں آپ جیسے چاہیں استعمال کریں، نیب قانون کا غلط استعمال نہیں ہونا چاہیے، پہلے سنتے تھے کہ نیب قانون سیاسی وفاداریاں تبدیل کرنے کیلئے استعمال کیا جاتا ہے لیکن اب سول سوسائٹی کو کریمنل لاءکے ذریعے ڈیل کیا جا رہا ہے۔لین دین کے معاملات میں نیب کیسے آسکتا ہے۔ چیف جسٹس آصف سعید کھوسہ کی سربراہی میں عدالت عظمیٰ کے تین رکنی بنچ نے کیس کی سماعت کی۔