• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

برمنگھم کے رہائشی علاقے میں دوسری رات بھی تشددکادور دورہ

لندن (پی اے) برمنگھم کے رہائشی علاقے کی سڑکوں پر گزشتہ روز دوسری رات بھی تشدد کا دور دورہ رہا، ایک مسلح شخص نے رہائشی علاقے کی سڑک پر، جہاں بچے کھیل رہے تھے، فائرنگ شروع کردی جبکہ کلھاڑی کے وار سے ایک شخص زخمی ہوگیا، ویسٹ مڈلینڈز پولیس نے اس کو حقیقی طورپرظالمانہ اور وحشیانہ قرار دیا ہے۔ جمعہ کی رات حالات میں خرابی واش ووڈ ہیتھ روڈ پر دو کاروں کے درمیان ریس کے بعد شروع ہوئی، اس ریس کے نتیجے میں ایک بی ایم ڈبلیو سالٹلے کے قریب سلور برخ میں ایک دیوار سے ٹکرا گئی، یہ واقعہ شام 6 بجکر 40 منٹ پر پیش آیا، اس حادثے کے فوری بعد کار پر سوار دو افراد پر شاٹ گن اورکلھاڑی سے حملہ کیا گیا، تاہم اطلاعات کے مطابق کسی بھی زخمی کی جان کو کوئی خطرہ نہیں ہے۔ ایک اور واقعہ میں ارڈنگٹن کے قریب ایک 20 سالہ نوجوان اپنے گھر سے چند گز کے فاصلے پر شدید زخمی ہوگیا۔ ویسٹ مڈلینڈز پولیس کا کہنا ہے کہ دونوں واقعات کا بظاہر ایک دوسرے سے کوئی تعلق نظر نہیں آتا، سالٹلے میں 2 نقاب پوش افراد واکس ویگن سے باہر نکلے اور ان میں سے ایک نے بی ایم ڈبلیو میں سوار ایک 23 سالہ نوجوان کو شاٹ گن سے فائر کر کے نشانہ بنایا جبکہ دوسرے پر کلھاڑی سے حملہ کیا گیا،جس سے اس کا پیر کٹ گیا، کلھاڑی سے حملے کا نشانہ بنایا جانے والا نوجوان ہفتہ تک ہسپتال ہی میں زیر علاج تھا جبکہ شاٹ گن سے نشانہ بنائےجانے والے نوجوان کو چھرے لگنے سے معمولی زخم آئے تھے، جسے طبی امداد دے کر ہسپتال سے رخصت کردیا گیا لیکن اسے آتشیں اسلحہ رکھنے کے الزام میں گرفتار کرلیا گیا۔

تازہ ترین