تحریر :عالیہ کاشف عظیمی
ماڈل: عائشہ ملک
ملبوسات: فِٹ وئیرز کلیکشن
آرایش: ماہ روز بیوٹی پارلر
عکّاسی: ایم کاشف
لے آؤٹ: نوید رشید
یوں تو عید کے تینوں دِن دھنک رنگ سی لڑکیاں بالیاں رنگوں، خوشیوں اور اُمنگوں سے گھر آنگن منوّر کیے رکھتی ہیں،لیکن جب رشتے داروں یا سکھی سہیلیوں کے سنگ عید بعد، عید ملن تقریبات کا سلسلہ شروع ہوتا ہے،تو گویا ایک بار پھر خوشیوں، مسرتوں کے شگوفے سے کھلنے لگتے ہیں اور ساتھ ہی آرایش و زیبایش، بناؤ سنگھار کا بھی دور دورہ ہوجاتا ہے۔ تو ایسے ہی مواقع کے لیے ہم نے بھی آج اپنی بزم کچھ حسین ودِل کش اور جدید انداز پیراہن سے مرصّع کی ہے۔
ذرا دیکھیے، عید ملن تقریب کی مناسبت سے کارن فلاور بلیو رنگ میں ڈبل لیئر میکسی کس قدر حسین انتخاب ہے۔ اس کا اِنر پلین سِلک فیبرک میں ہے، تو اَپر نیٹ کا ہے، جس پر طلائی رنگ پھولوں کے ساتھ نگوں کا بھاری کام چار چاند لگا رہا ہے، پھر ایک جانب سِلک ساٹن فیبرک میں پستئی سلور رنگ پیراہن کی جاذبیت غضب ڈھا رہی ہے کہ پلین ٹراؤزر کے ساتھ ڈبل لیئر ایمبرائڈرڈ فراک کا لُک ہی الگ ہے،ساتھ ہاف کٹ سلیوز اور میسوری دوپٹا بھی ہے، تو دوسری جانب سُرخ اور طلائی رنگوں کے روایتی کامبی نیشن میں کپری کے ساتھ قدرے لمبی قمیص کا انداز بھی خاصا شاہانہ و جداگانہ ہے ۔پہناوے کی قمیص پر نگوں، موتیوں کا نفیس کام تو خُوب ہی کِھل رہا ہے۔ اسی طرح سِلک ساٹن فیبرک میں ایک بےبی پنک رنگ پیراہن بھی ہے،جس کے پلین ٹراؤزر کے ساتھ پلین ہی قمیص ہے،مگر فرنٹ اوپن ایمبرائڈرڈ ٹیل ٹاپ کی جدّت و ندرت تو جیسے اپنی مثال آپ ہے۔
ہمیں یقین ہے کہ جب آپ یہ حسین و دِل آویز ملبوسات زیبِ تن کریں گی، تو عید کے چاند سے کم ہرگز نہیں لگیں گی اور پھر کانوں میں اِک ہی صدا گونجتی رہے گی؎’’آج وہ شوخ ہے اور کثرتِ آرایش ہے....‘‘