• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن
,

”ہیر مان جا“ معروف ستاروں کو بھی بھا گئی، 6 کروڑ کا چھکا


کراچی (محمد ناصر) عید قرباں کا لطف دوبالا کرنے کیلئے بنائی گئی فلم ”ہیر مان جا“ اس وقت عوام کی پہلی پسند بنی ہوئی ہے جبکہ موج مستیوں سے بھر پور فلم پاکستان کے معروف ستاروں کو بھی بھاگئی ہے۔ عید پر ریلیز ہونے والی اس شاندار فلم نے صرف پاکستان سے چند روز میں 6 کروڑ کا چھکا لگا کر شاندار بزنس کا آغاز کردیا ہے۔ یہ فلم 23 اگست کو بیرون ملک ریلیز ہوگی۔ فلم میں دکھائے گئے خوبصورت مناظر، شاندار میوزک اور بہترین اداکاری نے سب کے دِل جیت لئے ہیں۔

”ہیر مان جا“ کے ہاؤس فُل شوز جاری ہیں جبکہ اتوار کیلئے بھی سنیما گھروں میں فلم دیکھنے والوں کا رَش برقراررہے گا۔ فلم کے حوالے سے معروف اداکار ہمایوں سعید کا کہنا تھا کہ ”ہیر مان جا“ بہت ہی انٹرٹیننگ فلم ہے، اس فلم کی کہانی بہت مزیدار ہے، حریم فاروق اور علی رحمان خان نے بہت شاندار کام کیا ہے۔ اداکار عمران اشرف اور اینکر وسیم بادامی نے مشترکہ گفتگو میں بتایا کہ ہمیں پاکستانی فلموں کو سپورٹ کرنا چاہئے اور عوام سنیما گھروں میں آکر اس فلم سے ضرور لطف اندوز ہوں۔ اداکارہ رمشا خان نے فلم کے حوالے سے اپنا تجربہ بیان کرتے ہوئے کہا کہ محبت، رومانس ، مزاح اور جذبات تمام ہی مصالحے اس فلم میں موجود ہیں اسی لئے اس فلم کو دیکھنے میں بہت مزہ آیا۔ اداکاروں کی پرفارمنس بھی انتہائی متاثر کن ہے، پوری ٹیم کو شاندار فلم بنانے پر سلام پیش کرتی ہوں۔ اداکارہ ماورہ حسین نے اپنے پرستاروں سے کہا کہ علی رحمان خان اور حریم فاروق کی اس فلم کو ضرور دیکھنے جائیں ۔ اداکار عدنان صدیقی کا کہنا تھا کہ حریم فاروق چھاگئی ہیں اور علی رحمان خان پیدا ہی اداکاری کیلئے ہوئے ہیں۔ میں پوری ٹیم کو بھی مبارکباد دینا چاہتا ہوں جنہوں نے مسلسل کامیاب فلمیں پیش کی ہیں۔ اداکار احمد علی نے کہا کہ اگر یہ فلم کسی نے نہیں دیکھی تو فوراً جا کر دیکھیں۔ اداکار جنید خان نے کہا کہ ”ہیر مان جا“ ایک سادہ کہانی ہے جسے ہدایتکار نے بہت اعلیٰ انداز میں پیش کیا ہے۔ فلم کا پس منظر بہت خوبصورت ہے، گانے بھی زبردست ہیں۔ گلوکار یاسر اختر نے کہا کہ ”ہیر مان جا“ لاجواب فلم ہے جس میں حریم فاروق، علی رحمان خان اور فیضان شیخ کی جاندار اداکاری ہے، فلم کا ہر کردار نیچرل ہے۔ اگر کوئی اچھی ، فیملی انٹرٹینر اور پیسہ وصول فلم دیکھنا چاہتا ہے تو ابھی ”ہیر مان جا“ جاکر دیکھیں۔ یاد رہے یہ فلم جیوفلمز“ اور ”آئی آر کے فلمز “ کے اشتراک سے پیش کی گئی۔ فلم کے ہدایتکار اظفر جعفری ہیں اور یہ فلم ڈسٹری بیوشن کلب کے تعاون سے ملک بھر میں نمائش کیلئے پیش کی گئی ہے۔

تازہ ترین