• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

مقبوضہ کشمیر: 15ویں روز بھی لاک ڈاؤن، کرفیو، پابندیاں

مقبوضہ کشمیر میں 15ویں روز بھی مکمل لاک ڈاؤن رہا،بھارتی حکومت نے کرفیو سمیت دیگر پابندیاں برقرار رکھیں۔


بھارتی حکومت کی سختی کے باوجود بھارت مخالف مظاہرے جاری رہے،قابض بھارتی فورسز کی فائرنگ ،پیلٹ گنوں کے استعمال سے متعدد کشمیری زخمی ہوئے جبکہ 6 نوجوانوں کو حراست میں لے لیا گیا۔

خبر ایجنسی کے مطابق بھارتی فورسز نے گزشتہ 15دنوں میں 4ہزار سے زائد کشمیریوں کو گرفتار کرلیا ہے ،جنہیں متنازعہ پبلک سیفٹی ایکٹ کے تحت 2 سال تک ماورائے عدالت قید میں رکھا جاسکتا ہے۔

کرفیو سمیت دیگر بھارتی حکومت کی سختیوں کے باعث کشمیری2ہفتوں سے گھروں میں محصور ہیں،وادی میں خوراک، دواؤں اور دیگر اشیا کی قلت کا سامنا ہے۔

مسلسل پندرہ روز سے لاک ڈاؤن ،کرفیو اور مواصلاتی پابندیوں کے باعث بیماروں کو اسپتال لے جانا بھی ناممکن ہوگیا ہے ۔

لندن کے مظاہرے میں کشمیری خاتون مقبوضہ وادی کے حالات بتاتے ہوئے روپڑی ،اس نے کہاکہ بھارت نے کشمیریوں کو جانور سمجھ لیا ہے۔

کشمیری خاتون نے مزید کہاکہ نہیں معلوم مقبوضہ وادی میں گھر والوں پر کیا بیت رہی ہے، بیمار بچے اوربزرگ دوائیوں اور علاج کےلیے ترس رہے ہیں۔

قابض انتظامیہ کی جانب سےجموں و کشمیر کے عوام پرجاری ظلم اپنی جگہ لیکن آزادی کے متوالوں کا کہنا ہےکہ وہ جان دےدیں گے لیکن اپنا حق لے کر رہیں گے۔

تازہ ترین