• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

زرداری اور فریال، جیل میں سہولتوں کی درخوا ست پر فیصلہ محفوظ

اسلام آباد کی احتساب عدالت میں سابق صدر آصف علی زرداری اور اُن کی ہمشیرہ فریال تالپور کی جیل میں سہولتوں کی درخواستوں پر سماعت کے بعد فیصلہ محفوظ کر لیا گیا ہے۔

فریال تالپور کے راہداری ریمانڈ کی اجازت کی درخواست پر بھی سماعت کے بعد  فیصلہ محفوظ کیا گیا ہے۔

گزشتہ روز احتساب عدالت میں جعلی بینک اکاؤنٹس کیس اور پارک لین ریفرنس کی سماعت جج محمد بشیر نے کی تھی، سماعت کے دوران فریال تالپور نے جیل میں اضافی سہولتوں کی درخواست  دائر کی تھی جبکہ آصف علی زرداری نے بھی دورانِ سماعت عدالت کو بتایا کہ جیل والے بہت تنگ کرتے ہیں۔

اس موقع پر اے کلاس سے متعلق درخواست پر جج محمد بشیر اور نیب کے ڈپٹی پراسیکیوٹر جنرل کے درمیان گرما گرمی بھی ہوئی تھی۔

واضح رہے کہ قومی احتساب بیورو (نیب) کی جانب سے دعویٰ کیا گیا ہے کہ جعلی اکاؤنٹس کیس میں اسے بڑی پیشرفت ہوئی ہے، دبئی کے شہری ناصر عبداللّٰہ لوتھا اس کیس میں وعدہ معاف گواہ بننے کے لیے تیار ہیں۔

ذرائع کے مطابق احتساب عدالت کے جج محمد بشیرنے ناصر لوتھا کے وارنٹ گرفتاری منسوخ کر دیے، ناصر عبداللّٰہ لوتھا کو عیدالاضحیٰ سے پہلے احتساب عدالت میں بھی پیش کیا گیا تھا۔

تازہ ترین