• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کراچی: 14 ہزار بچے پیٹ کے امراض میں مبتلا


کراچی کے مختلف علاقوں میں پیٹ کے امراض ڈائریا اور گیسٹرو سمیت دیگر امراض میں اضافہ ہوگیا۔

ڈائریکٹر جنرل ہیلتھ کے ذرائع کے مطابق 10روز

کے دوران 14 ہزارسے زائد بچے ان بیماریوں میں مبتلا ہوئے،عیدالاضحیٰ اور بارش کے بعد مریضوں کی تعداد میں 300 گنااضافہ ہوا ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ سول اسپتال کی ایمرجنسی میں2000 سے زائد ،قومی ادارہ برائے صحت اطفال میں2889 اور عباسی شہید اسپتال میں2800 سے زائد بچے لائے گئے۔

لیاری جنرل اسپتال میں1400 سے زائداور سندھ گورنمنٹ چلڈرن اسپتال میں2500 سے زائد بچے لائے گئے۔

ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ اسپتالوں میں اب بھی مریضوں کی بڑی تعداد لائی جارہی ہے۔

دوسری جانب ہیلتھ افسروں اور اسپتالوں کی انتظامیہ کو ایک مراسلہ میں ہدایت کی گئی ہے کہ اسپتالوں میں فوری طور پر ڈائریا کے خصوصی وارڈ قائم کئے جائیں۔

ڈائریکٹر جنرل ہیلتھ ڈاکٹر مسعود سولنگی کی جانب سے ڈسٹرکٹ ہیلتھ افسروں اوراسپتالوں کی انتظامیہ کو مراسلہ بھیجا گیا ہے، جس میں ہدایت کی گئی ہے کہ اسپتالوں کے خصوصی وارڈز میں ادویات کی فراہمی یقینی بنائی جائے۔

خط میں کہا گیا ہے کہ بچے گیسٹرو، نمونیہ سمیت پیٹ کی مختلف بیماریوں میں بھی مبتلا ہورہے ہیں، وارڈز میں چوبیس گھنٹے ڈاکٹروں اورطبی عملے کی دستیابی کویقینی بنایا جائے۔

ڈی جی ہیلتھ سندھ نے مراسلے میں مزید کہا ہے کہ وہ خود کراچی کے تمام وارڈزکی مانیٹرنگ بھی کریں گے۔

تازہ ترین