لاہور (نیوز ایجنسیاں)وزیرِ ریلوے شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ مریم نواز نے ساری مصیبت اپنے سر مول لی اور سارے خاندان کی سیاست کو تباہ و برباد کردیا، جج ویڈیو اسکینڈل شریف خاندان کو مروائے گا، شہباز شریف سمجھدار اور میری پارٹی کا آدمی ہے لیکن وہ پھنس گئے ہیں، ایک طرف ان کا خون اور دوسری طرف سیاست ہے لیکن وہ نہ ہی خون اور نہ ہی سیاست کو بچاسکیں گے، وزیرِ اعظم عمران خان نے مسئلہ کشمیر کا کیس بھرپور طریقے سے لڑا ،بھارت سے مذاکرات کے دروازے بند ہوچکے، اب فیصلہ عمران خان نے کرنا ہے،عمران خان کا کشمیر پر وہی فیصلہ ہو گا جو کشمیریوں کا ہو گا، دسمبر تک حالات بڑے حساس ہیں اس لئے سب کو کشمیر کے معاملے پر ایک اور نیک ہونے کی ضرورت ہے ، عمران خان سارا پاکستان اور کابینہ ہے اس لئے آرمی چیف قمر جاوید باجوہ کی تقرری سارے پاکستان اور کابینہ کا فیصلہ ہے ،وزارت کا 4 ارب روپے کا خسارہ کم کیا ہے، 80 لاکھ مسافر بڑھائے ہیں،15 ستمبر سے ٹرینیں وقت پر چلیں گی،لاہور میں نیوز کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بھارت کے مسلمان پاکستان کی طرف دیکھ رہے ہیں، بھارت میں مسلمانوں پر ظلم ہو تو پاکستان کوآواز اٹھانی چاہیے۔انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان نے کشمیر کا زوردار مقدمہ لڑا، کوئی شملہ نہ واجپائی معاہدہ رہا ہے بھارت سے مذاکرات کے دروازے بند ہوچکے، اب فیصلہ عمران خان نے کرنا ہے، عمران خان کا کشمیر پر وہی فیصلہ ہو گا جو کشمیریوں کا ہو گا، کشمیری صرف کشمیر کی طرف دیکھ رہے ہیں، آج چین بھی کشمیر کے ساتھ کھڑا ہے۔ انہوں نے کہا کہ نریندر مودی نے فاشزم کی بدترین مثالیں قائم کیں، بھارت میں اتنی ہمت نہیں کہ وہ پاکستان کی سرحد کی طرف دیکھے، مودی نے کشمیر کے معاملے پر بہت بڑی غلطی کی ہے، بھارت سے تمام مذاکرات کے راستے بند ہو چکے ہیں، کشمیر، بوسنیا اور فلسطین نہیں ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ عمران خان کی قیادت میں ریلوے کو ٹھیک کریں گے، 15 ستمبر تک ٹرینوں کا شیڈول ٹھیک ہو جائے گا ۔