لاہور، اسلام آباد (نمائندہ جنگ) نیب نے نواز شریف، شہباز شریف اور شاہد خاقان عباسی سے نئے مقدمات میں تحقیقات شروع کردی،شہباز شریف کے اربوں کنسلٹنٹس کو ادا کرنے،نواز شریف سے ٹی ٹی کی رقم ، عباسی سے بلٹ پروف گاڑیوں کے متعلق تفتیش ہوگی،تفصیلات کے مطابق نیب لاہور نے چوہدری شوگر ملز کیس میں سابق وزیراعظم میاں نواز شریف کے بارے میں بھی تحقیقات شروع کر دی ہیں۔ نیب ذرائع کے مطابق نیب لاہور نے نواز شریف کو چوہدری شوگر ملز کیس میں شامل تفتیش کرتے ہوئے انہیں جیل میں سوالنامہ بھجوا دیا ہے۔ ٹیم نے کوٹ لکھپت جیل سپرنٹنڈنٹ کو سوالنامہ وصول کروایا جو انہوں نے نواز شریف کو دیدیا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ بیرونی ممالک سے آنیوالی ٹی ٹی کی رقم نواز شریف کے اکاؤنٹ میں بھی گئی۔ نواز شریف سے بیرون ملک سے آنیوالی ٹی ٹی کے علاوہ تمام اثاثہ جات کی تفصیلات بھی مانگی گئی ہیں۔ نیب لاہور نےسابق وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف کے اربوں روپے کنسلٹنٹس کو ادا کرنے کے بارے میں بھی تحقیقات شروع کر دی ہے ۔نیب ذرائع کے مطابق سرکاری محکموں میں مطلوبہ اہلیت کی افراد کی موجودگی کے باوجود دس سال کے دوران مختلف پراجیکٹس کیلئے 20 ارب روپے سے زائد رقم من پسند کنسلٹنٹس کو ادا کی گئی ۔چار کول پاورپلانٹس کیلئے 49 کروڑ 80 لاکھ، خادم پنجاب رورل روڈ پروگرام کے لیے 12 کروڑ 75 لاکھ کی ادائیگی کی گئی ۔مری میں کیبل کارز کی تنصیب کی فیزیبلٹی اسٹڈی کیلئے20 کروڑ ادا کئے گئے ۔نیب نے محکمہ پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ، محکمہ خزانہ اور متعلقہ محکموں سے ریکارڈ طلب کر لیا۔