• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

نئی قابل تجدید توانائی پالیسی کامسودہ تیار منظوری کیلئے وفاقی کابینہ میں پیش کیاجائیگا

اسلام آباد ( نمائندہ جنگ)نئی قابل تجدید توانائی پالیسی کامسودہ تیار، منظوری کیلئے وفاقی کابینہ میں پیش کیاجائیگا،حتمی شکل دینے کیلئے اجلاسوں کاآغاز، قابلِ تجدید توانائی ذرائع قابل استعمال بنانے سے بجلی قیمت کم ہوجائیگی، متبادل توانائی کی ڈویلپمنٹ بورڈ کے تحت پاکستان کی نئی قابل تجدید توانائی پالیسی کو حتمی شکل دینے کیلئے دو روزہ اجلاسوں کا آغاز ہو گیا، گزشتہ روز ابتدائی اجلاس چیئرمین وزیراعظم ٹاسک فورس برائے انرجی ندیم بابر اور سیکرٹری توانائی عرفان علی کے زیر صدارت ہوا، اجلاس میں تمام صوبوں، پاور ڈویژن کے اداروں، نیپرا، پاکستان انجئینرنگ کونسل اور پاور ڈویژن کے نمائندوں نے شرکت کی، سیکرٹری پاور ڈویژن عرفان علی نے کہا کہ ہمارے ملک میں صرف 4فیصد انرجی ان قابل تجدید ذرائع سے آرہی ہے جو بہت ہی کم ہے،ملک میں قابلِ تجدید توانائی کے ذرائع نہ صرف وافر مقدار میں ہیں اور انکو مکمل طور پر قابل استعمال بنانے سے بجلی کی قیمت میں کمی آئیگی اور درآمد شُدہ تیل اور دیگر ذرائع پر بھی انحصارکم ہوجائیگا ، ان تمام عوامل کو مدِ نظر رکھتے ہوئے نئی قابل تجدید متبادل توانائی کی پالیسی کا مسّودہ تیا ر کیا گیا ہے، شرکاء نے بھی ڈرافٹ پالیسی سے متعلق مختلف تجاویز دیں متبادل توانائی ڈویلپمنٹ بورڈ کی تیار کردہ پالیسی کو وفاقی کابینہ کے سامنے رکھا جائیگا، کابینہ کی منظوری کے بعد پالیسی مشترکہ مفادات کونسل میں رکھی جائیگی۔
تازہ ترین