• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پریانکا ذاتی حیثیت میں بات کرنے کا حق رکھتی ہیں،اقوام متحدہ

اقوام متحدہ نے بالی ووڈ اداکارہ پریانکا چوپڑا کو خیر سگالی کی سفیر کے عہدے سے ہٹانے کے مطالبے پر اپنے ردعمل کا اظہار کردیا ہے۔


اقوام متحدہ کے جنرل سیکریٹری انتونیو گوتریس کے ترجمان اسٹیفن نے پریس بریفننگ میں پریانکا چوپڑا کے حوالےسے اظہار خیال کیا۔

انہوں نے کہا کہ یونیسیف کے خیر سگالی کے سفیر کو یہ حق حاصل ہے کہ وہ ذاتی حیثیت میں بات کرتے ہوئے اپنی دلچسپی اور مفاد کے معاملات پر بات کرسکیں۔

یو این سیکریٹری جنرل کے ترجمان نے مزید کہا کہ ان کے ذاتی خیالات ضروری نہیں کہ یونیسیف کے خیالات کی ترجمانی کریں۔

ان کا کہنا تھا کہ ہاں جب وہ یونیسیف کے نمائندے کے طور پر بات کریں تو ہم توقع رکھتے ہیں کہ وہ ادارے کا باوثوق اور شواہد پر مبنی غیر جانبدار موقف اختیار کریں۔

ترجمان نے یہ بھی کہا کہ یونیسیف کے خیر سگالی سفیر وہ معروف شخصیات ہیں، جو رضا کارانہ طور پر بچوں کے حقوق کے فروغ کےلیے اپنا وقت اور شہرت وقف کرنے پر آمادہ ہیں۔

بھارت نے رواں برس 25 ،26 فروری کی درمیانی شب پاکستانی فضائی حدود کی خلاف ورزی کی تھی، جس پر پریانکا سمیت کئی بالی ووڈ اسٹارز نے بھارتی جارحانہ رویے کی حمایت کی اور امن کے مقابلے میں جنگ کو ترجیح دی تھی۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر پریانکا چوپڑا نے بھارتی طیاروں کی دراندازی کو قابل فخر قرار دیا تھا، جس سے جنگ کو ترجیح دینے کا تاثر ابھرا۔

بالی ووڈ اداکارہ کو اپنے اس رویے پر تنقید کا سامنا کرنا پڑا اور ایک پاکستانی نژاد امریکی خاتون نے انہیں منافق قرار دیا تھا۔

وفاقی وزیر برائے انسانی حقوق شیریں مزاری نے پریانکا سے اعزاز واپس لینے کے لیے یونیسیف کو خط لکھا تھا۔

اس سے قبل پاکستانی اداکارہ ارمینا خان اور مہوش حیات بھی سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر جاری بیانات اور میڈیا سے گفتگو میں پریانکا چوپڑا کو آڑے ہاتھوں لے چکی ہیں۔

تازہ ترین