سرگودھا کے علاقے سکندر حیات کالونی میں فائرنگ سے 7 افراد جاں بحق ہوگئے۔
سرگودھا کے علاقے سکندر حیات کالونی میں 6 افراد کو گھریلو جھگڑے پر فائرنگ کر کے قتل کر دیا گیا۔ قتل کرنے والے شخص نے اپنے آپ کو بھی گولی مار کر خودکشی کرلی۔
تھانہ لکسیاں کے ایس ایچ او قیوم خان کے مطابق ملزم نورالدین نے اپنے تین بھائیوں اکبر خان، قلم الدین، جمال الدین، جبکہ مقتول قلم الدین کی بیوی شائستہ بی بی سمیت خاندان کی مزید دو خواتین شاہدہ بی بی زوجہ ابراہیم خان، رنگ بی بی کو قتل کردیا۔ فائرنگ کے واقعے میں دوران خان نامی شخص شدید زخمی بھی ہوا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ واقعہ گھریلو جھگڑے کی وجہ سے پیش آیا، مقتولین اور ملزم کا تعلق ایک ہی خاندان سے ہے۔
قتل کی واردات کے بعد ملزم نے اپنےآپ کو بھی گولی مار کر زندگی کا خاتمہ کرلیا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ واقعہ کی تمام پہلوؤں سے تفتیش کی جارہی ہیں۔ اصل صورتحال کا تفتیش کے بعد ہی پتہ چلے گا۔
واقعے میں زخمی ہونے والے دوران خان کو ڈی ایچ کیو ٹیچنگ اسپتال داخل کروا دیا گیا ہے۔