نیویارک (جنگ نیوز) سال کے آخری گرینڈ سلم یو ایس اوپن ٹینس ٹورنامنٹ میں سرینا ولیمز، راجر فیڈرر، نواک جوکووچ نے فتح سمیٹ لی۔ امریکی اسٹارسرینا ولیمز نے روس کی ماریہ شراپوا کو پہلے ہی رائونڈ میں شکست دیدی۔ ماریہ شراپوا مکمل آف کلر نظر آئیں اور اسٹریٹ سیٹس میں 6-1 اور6-1 سے ہار کر کورٹ میں موجود سب ہی فینز کو حیران کر ڈالا۔ ماریہ کی سرینا ولیمز کے ہاتھوں یہ مسلسل 19 ویں بار شکست ہوئی۔ جرمنی کی اینجلک کربر بھی ایک میچ کی مہمان ثابت ہوئیں، انہیں فرانس سے تعلق رکھنے والی کرسٹینا ملادینووچ نے مات دے کر باہر کیا۔ آسٹریلیا کی ایشلے بارٹی نے زارینا ڈیاس کا پتہ صاف کیا۔ مینز ایونٹ میں سوئٹزر لینڈ کے راجر فیڈرر نے بھارت سمت نگال اور عالمی نمبر ایک سربیا کے نوواک جوکووچ نے اسپین کے روبرٹو کاربالیس بینا کو زیر کیا۔