سرگودھا،مڈھ رانجھا،بھاگٹانوالہ،لاہور(نامہ نگاران،خصوصی رپورٹر) سرگودھا کے نواحی علاقے سیالموڑ کے قریب گھریلو جھگڑے کی بناء پر نوجوان نے 6 اہلخانہ کو قتل کرکے خودکشی کر لی۔سیالموڑ چک خانہ کالونی کے نزدیک نوجوان نور دین کا کاروبار میں نقصان ہونے پر گھر والوں سے اکثر لڑائی جھگڑا رہتا تھا،صبح نور دین نے طیش میں آ کر اپنے بھائیوں،بھابھی اور بھتیجوں سمیت 6 افراد کو قتل کر دیا۔قتل ہونے والوں میں اکبر خان،قلم دین،جمال خان، شائستہ بی بی،برنگ بی بی،شواں بی بی شامل ہیں،بعد ازاں نور دین نے اپنے آپ کو بھی فائر مارکر خودکشی کرلی۔ملزم کی فائرنگ کے نتیجہ میں اُس کا ایک بھتیجا دوران خان اور ایک راہگیر نیاز احمد بھی زخمی ہو گئے۔زخمیوں کو ڈی ایچ کیو ہسپتال سرگودھا ریفر کردیا گیا۔واقع کی اطلاع ملتے ہی پولیس کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی۔جبکہ ڈی پی او سرگودھا حسن مشتاق سکھیرا بھی موقع پر پہنچ گئے اور حالات کا جائزہ لیا پولیس نے تمام لاشوں کو پوسٹمارٹم کے بعد ورثاء کے حوالے کردیا۔ وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے واقعہ کے بارے میں انسپکٹر جنرل پولیس سے رپورٹ طلب کر لی ہے۔وزیراعلیٰ نے ہدایت کی ہے کہ زخمی افراد کو علاج معالجہ کی بہترین سہولتیں فراہم کی جائیں۔