• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

جسٹس شیخ عظمت سعید کی ذہانت سے ہمیشہ فائدہ اور تجربہ حاصل کیا ،چیف جسٹس

اسلام آباد(نمائند ہ جنگ)چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس آصف سعید خان کھوسہ نے کہا ہے کہ جسٹس شیخ عظمت سعید کے ساتھ کام کرنا میرے لئے اعزاز اور عزت کاباعث ہے،یہ اعلیٰ عدلیہ کا اثاثہ رہے ہیں،ہم نے ہمیشہ ان کی ذہانت سے فائدہ اور تجربہ حاصل کیا ہے،انہوں نے ان خیالات کا اظہار منگل کواپنے عہدہ سے سبکدو ش ہونے والے سپریم کورٹ کے جج جسٹس شیخ عظمت سعید کے اعزاز میں دیئے گئے فل کورٹ ریفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔اس موقع پرسپریم کورٹ کے ججزبشمول جسٹس قاضی فائز عیسیٰ ،اٹارنی جنرل انور منصور خان ، پاکستان بار کونسل کے وائس چیئرمین سید امجد علی شاہ ،سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن کے صدرامان اللہ کنرانی ،صوبائی لا افسران،سپریم کورٹ کے سینئر وکلاء ،صحافی اور عدالتی عملہ بھی موجود تھا تاہم جسٹس مقبول باقر موجود نہیں تھے ۔فاضل چیف جسٹس نے کہاکہ جسٹس شیخ عظمت سعید نے اپنے کیریئر کے دوران سپریم کورٹ میں کئی تاریخی فیصلے دیئے ہیں اورکئی بے یقینی معاملات کو بھی حل کیاہے ،ان کا آئین اور قانون کی حکمرانی پر یقین ان کے فیصلوں سے عیاں ہے ،مقدمات کا فیصلہ کرتے ہوئے ان کی سوچ بڑی واضح ہوتی ہے،یہ کسی بھی دلیل کو روشنی کی رفتار سے بھی تیزی سے سمجھنے کی صلاحیت رکھتے ہیں،ان کی حس مزاح بھی ان کی شخصیت کا خاصا ہے، ہم اس موقع پر انکی خدمات پر انہیں خراج تحسین پیش کرتے ہیں اورانہیں ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔ جسٹس شیخ عظمت سعید نے کہا کہ پاکستان کا قانونی نظام ایک ایک اینٹ لگا کر محنت سے بنایا گیا ہے ، امید ہے کہ ساتھی ججز جوڈیشل انارکی اور انصاف کے درمیان فرق سے آگاہ رہیں گے ۔
تازہ ترین