راولپنڈی( نمائندہ جنگ/ مانیٹرنگ ڈیسک)وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہےکہ بھارت کے لیے ابھی فضائی حدود بند کرنے کا فیصلہ نہیں ہوا البتہ وزیراعظم صورتحال کا جائزہ لینے کے بعد فیصلہ کریں گے،مقبوضہ کشمیر میں پولیس اور فوج میں تصادم کی اطلاعات ہیں،مودی عالمی برادری کو یکطرفہ اقدام کا جواب دیں، خطے کی صورتحال بھارت خراب کر رہا ہے، رابطے کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا۔اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شاہ محمود قریشی نے کہا کہ مودی عالمی برادری کو 5 اگست کے یکطرفہ اقدام کا جواب دیں، مقبوضہ کشمیر میں 23 ویں روز بھی کرفیو ہے،اشیا خورو نوش اور دواؤں کی قلت ہے، مقبوضہ کشمیر میں پولیس اور بھارتی فوج میں تصادم کی اطلاعات ہیں، خطے کی صورتحال بھارت خراب کر رہا ہے، مقبوضہ کشمیر میں ہر گھر کے سامنے ایک بھارتی فوجی کھڑا ہے۔وزیر خارجہ کا کہنا تھاکہ بھارت کے لیے ابھی فضائی حدود بند کرنے کا فیصلہ نہیں ہوا، اس حوالے سے سوچ بچار کے بعد فیصلہ ہوگا اور اس پر وزیراعظم تمام صورتحال کا جائزہ لینے کے بعد فیصلہ کریں گے۔