• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کراچی کے علاقے بوٹ بیسن کے قریب واقع پارک سے 3 افراد کی تشدد زدہ لاشیں ملی ہیں۔

کراچی: بوٹ بیسن کے قریب پارک سے 3 لاشیں بر آمد


ذرائع کے مطابق کراچی کے علاقے بوٹ بیسن کے قریب واقع بختاور پارک سے 3 افراد کی تشدد زدہ لاشیں ملی ہیں، لاشو ں کو پوسٹ مارٹم کے لیے جناح اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔

پولیس حکام کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ بوٹ بیسن میں پارک سے ملنے والی3 لاشوں میں سے 2 کی شناخت کر لی گئی ہے۔

پولیس کا کہنا ہے کہ جاں بحق افراد میں امشیر افضل اور علی حسن شامل ہیں۔ امشیر افضل کا آبائی تعلق مردان کے علاقے زرین آباد سے ہے جبکہ علی حسن فیصل آباد کے علاقے امین ٹاؤن کا رہائشی تھا۔

ایس ایس پی انویسٹی گیشن کا کہنا ہے کہ ڈیڑھ گھنٹہ پہلے پہلی لاش کی اطلاع ملی تھی، سرچ آپریشن کرنے آئے تھے تو مزید دو افراد کی لاشیں ملیں۔

انہوں نے بتایا کہ یہ لوگ پارک میں سوئے ہوئے تھے، بظاہر لگتا ہے کہ تینوں کو سر پر پتھر یا لوہے کی چیز سے مارا گیا ہے۔

ان کا کہنا ہے کہ تینوں افراد مختلف علاقوں سے تعلق رکھتے ہیں، مرنے والوں میں ایک پالش والا، دوسرا مستری ہے جبکہ تیسرے کے بارے میں تفتیش جاری ہے۔

پولیس حکام کا کہنا ہے کہ موت کی وجوہات جاننے کے لیے تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔

تازہ ترین