• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

فیڈریشن کی ناقص حکمت عملی، باکسر اولمپکس کو الیفائرز کھیلنے سے محروم

کراچی (شکیل یامین کانگا /اسٹاف رپورٹر) پاکستان باکسنگ فیڈریشن کے سیکرٹری جنرل اقبال حسین کی ناقص حکمت عملی کی باعث ملکی کھلاڑی ایشیا اوشیانا اولمپک کوالیفائنگ رائونڈ میں شرکت سے محروم ہوگئے۔ کئی عالمی ٹیموں کے ایونٹ کیلئے کوالیفائی کرنے کی وجہ سے امکان تھا کہ پاکستانی کھلاڑی دو تین ویٹ میں کامیابی حاصل کرکے ریو اولمپک2016 میں کھیلنے کا اعزاز حاصل کرسکتے تھے لیکن اقبال حسین کوالیفائنگ رائونڈ میں بھیجے جانے کے پی ایس بی کے صاف انکار کے باوجود قومی ٹیم کے چین بھیجنے جانے کیلئے این او سی کا انتظار کرتے رہے اور صحافیوں کو آج کل آج کل پی ایس بی کی جانب سے این او سی کی آمد کا کہتے رہے۔ ان کی دہری پالیسی نے بالاخر اولمپک میں شرکت کے تقریباً تمام راستے بند کردیئے ہیں۔ پی بی ایف کے سیکرٹری نے کوالیفائنگ رائونڈ کیلئے انوی ٹیشن لیٹر پر چین جانے کیلئے 9 کھلاڑیوں اور چار آفیشلز کے ویزے بھی لگوا لئے تھے لیکن پی ایس بی کی جانب سے این او سی جاری نہ ہونے کے باعث قومی کھلاڑی25 مارچ سے3 اپریل تک ہونے والے ایشیا اوشیانا گروپ کے کوالیفائنگ رائونڈ میں شرکت سے محروم ہوگئے۔ اگر قومی ٹیم کوالیفائنگ رائونڈ میں شرکت کرتی تو تین منتخب باکسرز سید آصف، علی احمد اور اویس علی خان سے توقع تھی کہ وہ پاکستان کیلئے 12 سال بعد برازیل میں ہونے والے ریو اولمپکس میں شرکت کیلئے پاکستان کی خوشی کی خبر بن سکتے تھے۔ اقبال حسین کا کہنا ہے کہ انہوں نے2 مارچ کو ٹیم کی روانگی کیلئے کھلاڑیوں کے نام بھیج دیئے تھے جبکہ پی ایس بی ذرائع کا کہنا ہے کہ باکسنگ فیڈریشن کی جانب سے کھلاڑیوں کے نام تاخیر سے بھیجے جانے پر چین بھیجے جانے کا بندوبست نہیں ہوسکا۔ ماضی میں پاکستان باکسنگ فیڈریشن کے سربراہ دودا خان بھٹو پی ایس بی کے رویئے سے شاکی رہتے تھے اور برملا ان کو ہدف تنقید بناتے تھے لیکن اقبال حسین جنہیں سیکرٹری جنرل کی حیثیت سے پی ایس بی سے رابطے کا اختیار دیا تھا وہ اپنی ڈبل پالیسیوں کی وجہ سے پی ایس بی سے اپنی بات منوانے میں ناکام رہے۔
تازہ ترین