پشاور(نیوز ڈیسک)سینئر صوبائی وزیر کھیل، سیاحت ، میوزیم ، آثارقدیمہ اور امورنوجوانان عاطف خان کی ہدایت پر اپر چترال کی حسین وادی بروغل میں امسال بروغل فیسٹیول 6 ستمبر سے شروع ہو گا جس کی اختتامی تقریب8ستمبر کو منعقد ہو گی ،ٹورازم کارپوریشن خیبرپختونخوا اور ضلعی انتظامیہ اپرچترال کے تعاون سے چترال کے ثقافتی میلوں میں شامل تین روزہ بروغل فیسٹیول کیلئے تیاریوں کا آغاز کردیا گیا ہے ، منیجنگ ڈائریکٹر ٹورازم کارپوریشن خیبرپختونخوا جنید خان کا کہناتھا کہ چترال کے سالانہ میلوں میں شامل بروغل فیسٹیول کیلئے غیر ملکی اور ملکی سیاح ہر سال جاتے ہیں ، ضلعی انتظامیہ اپر چترال کے ساتھ مل کر تیاریوں کا آغاز کردیا گیا ہے ، فیسٹیول میں یاک پولو، گھوڑوں اور گدھوں پر پولو میچز،فٹبال ، کرکٹ ، میراتھن ریس، رسہ کشی ، بزکشی میچ ، یاک ریس ، موسیقی محفل اور دیگر مقابلے منعقد کئے جائینگے ، فیسٹیول کے آخری روز مقامی گلوکاروں پر مشتمل موزیکل شو اور خوراک شو بھی منعقد کیا جائے گا۔ ، ڈپٹی کمشنر اپر چترال شاہ سعود نے تفصیلات بتاتے ہوئے کہاکہ بروغل وادی چترال شہر سے 250 کلومیٹر کے فاصلے پر ہے اور اس فیسٹیول کیلئے چترال کے مختلف علاقوں سے شہری بروغل کا رخ کرتے ہیں، جبکہ ان مقابلوں میں شرکت کیلئے دور دراز علاقوں سے کھلاڑیوں کی آمد کا سلسلہ شروع ہو گیا ہے ، بروغل فیسٹیول میں گھوڑوں پر کھیلی جانے والی پولو، یاک پولو،گدھوں پر پولو میچز، بزکاشی ، رسہ کشی، کرکٹ،فٹبال سمیت مقامی گلوکاروں پر مشتمل موسیقی کی محفل منعقد ہو گی ، ڈی سی اپر چترال شاہ سعود کا کہنا تھا کہ چترال کے سالانہ فیسٹیول اور تہواروں میں شامل بروغل فیسٹیول کو بہترین انداز میں منایا جائے گا جبکہ ٹورازم کارپوریشن خیبرپختونخوا کے ساتھ مل کر بروغل کے پرفضا مقام پر منعقد ہونے والے بروغل فیسٹیول کیلئے انتظامات کو حتمی شکل دی جارہی ہے ،سطح سمندر سے 13ہزار 600 فٹ بلندپر واقع اورچترال شہر سے 250کلومیٹر دور بروغل وادی کے مقام پر ہرسال بروغل فیسٹیول منایا جاتا ہے ، دشوار گزار اور ایڈونچر سے بھرپور اس وادی کی خوبصورتی بہت زیادہ ہے ۔