• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ورجل وان ڈیک نے یوئیفا پلیئر آف دی ایئر ایوارڈ جیت لیا

ورجل وان ڈیک یوئیفا پلیئر آف دی ایئر بن گئے


ورجل وان ڈیک نے یوئیفا پلیئر آف دی ایئر ایوارڈ جیت لیا۔ لیور پول کے ڈیفینڈر ورجل وان ڈیک نے کرسٹیانو رونالڈو اور لیونل میسی کو مات دے کر19-2018 یوئیفا پلیئر آف دی ائیر ایوارڈ جیت لیا۔

ڈچ فٹبالر نے 305 پوائنٹس حاصل کرکے پرتگال اور یوونٹس کے کرسٹیانو رونالڈو اور ارجنیٹنا اور بارسلونا کے  لیونل میسی کو پیچھے چھوڑ دیا۔ تین بار یوئیفا کے بہترین کھلاڑی کا ایوارڈ حاصل کرنے والے رونالڈو نے 74 پوائنٹس جبکہ 2 بار ایوارڈز جیتنے والے میسی نے 207 حاصل کئے۔

2018-19 یوئیفا پلیئر آف دی ائیر کی فہرست میں ان تین پلیئرز کے علاوہ لیور پول کے الیسن بیکر، ساڈیو مانے، محمد صلاح، چیلسی کے ایڈن ہیزرڈ، آئیکس کے میٹجس ڈی لاگٹ، فرینکی ڈی جونگ اور مانچسٹر سٹی کے رحیم اسٹرلنگ شامل تھے۔

ورلڈ کلاس ڈیفینڈر ورجل وان ڈیک 8 جولائی 1991میں بریدا، نیدرلینڈز میں پیدا ہوئے۔ انہوں نے 2011 میں لیگ فٹبال کھیلنا شروع کیا۔ وہ 2011سے 2013 تک نیدرلینڈز فٹبال کلب گروننجین (Football Club Groningen)کی نمائندگی کرتے رہے۔

2013 تا 2015 تک اسکاٹش کلب سیلٹک کلب سے وابستہ رہے اور2015 تا 2018 تک انگلش پریمئیر لیگ ساؤتھمپٹن کی جانب سے کھیلتے رہے اور گزشتہ برس سے لیو رپول کی نمائندگی کررہے ہیں۔ 28 سالہ نوجوان فٹبالر قومی ٹیم میں بحیثیت کپتان کے فرائض انجام دیتے ہیں۔

انہوں نے 2015 میں انٹرنیشنل فٹبال میں قدم رکھا اور ان کی بہترین کارکردگی کو مدنظر رکھتے ہوئے تین سال کے مختصر عرصے میں قومی ٹیم کی قیادت سونپ دی گئی۔

ڈچ کھلاڑی نے لیور پول کو 19- 2018چیمپئنز لیگ میں بارسلونا کیخلاف 4-0 سے کامیابی دلوانے میں کلیدی کردار ادا کیا۔ انہوں نے میگا ایونٹ کے فائنل میں بہترین پرفارمنس کا مظاہرہ کرتے ہوئے ٹوٹہنم کے سارے حملوں کو ناکام بنایا اور میچ کے بہترین کھلاڑی قرار پائے۔

خیال رہے کہ لیور پول نے گزشتہ سیزن میں انگلش پریمیئر لیگ کا اختتام دوسری پوزیشن پر کیا تھا۔ ورجل وان ڈیک نے 2018 ایف اے فٹبال کپ کے تیسرے راؤنڈ میں لیور پول کی جانب سے ایورٹن کیخلاف پہلا گول کیا اور اپنی ٹیم کو برتری دلا کر میچ کو یادگار بنایا۔

انہوں نے یوئیفا چیمپئنز لیگ میں 12 میچز میں شرکت کی جس میں دو بار گیند کو جال کی راہ دکھائی اور 2 بار اسسٹ کیا جبکہ ڈومیسٹک لیگ میں 38 میچز میں لیور پول کی نمائندگی کرتے ہوئے 4 گول کئے اور دو میچز میں ساتھی کھلاڑیوں کو گول کرنے میں مدد دی۔

نیدر لینڈز کے سینٹر بیک کا شمار اس وقت دنیا کے بہترین ڈیفینڈرز میں کیا جاتا ہے۔ان کا نام فیفا بیلن ڈی اور ایوارڈ کیلئے بھی شامل کیا گیا ہے۔ بیلن ڈی اور کے فاتح کا اعلان دسمبر میں ہو گا جس کے لیے ورجل وان ڈیک کا مقابلہ رونالڈو اور میسی سے ہی ہے۔

خیال رہے کہ گزشتہ برس لوکا مورڈچ نے رونالڈو اور میسی کی بادشاہت کا خاتمہ کرکے یہ ایوارڈ اپنے نام کیا تھا جبکہ رواں برس لیور پول کے وین ڈیک کو کلب کے لیے بہترین کارکردگی دکھانے پر فیورٹ قرار دیا جا رہا ہے۔

تازہ ترین