مکہ مکرمہ اورمدینہ منورہ کی حرمین انتظامیہ کے سربراہِ اعلیٰ شیخ ڈاکٹر عبدالرحمن السدیس نے اعلان کیا ہےکہ مسجد الحرام کے ساتھ مسجد نبوی ﷺ شریف کے صحنوں کے باقی حصے میں بھی دیوہیکل چھتریوں کی تنصیب کا کام رواں حج موسم ختم ہوتے ہی شروع کر دیا جائے گا ،جسے آئندہ رمضان المبارک سے قبل مکمل کر لیا جائے گا۔ڈاکٹر السدیس نے بتایا کہ مسجد الحرام اور مسجد نبوی ﷺ میں تعمیر و توسیع اور تزئین و خدمات کے سارے منصوبے آئندہ 2برسوں کے دوران مکمل کر لئے جائیں گے ۔صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ 300سے زیادہ دیوہیکل چھتریاں مسجد الحرام میں نصب کی جائیں گی۔ خانہ کعبہ کے اطراف صحن میں بھی سائبان نصب ہو گا۔ اس کی بدولت زائرین کو طواف اور نماز میں آرام و راحت ملے گا ۔السدیس نے توجہ دلائی کہ خادم حرمین شریفین شاہ سلمان اور ولی عہد محمد بن سلمان نے اس احساس کے تحت کہ زائرین کو طواف ، نماز ، عباد ت اور آنے جانے میں دھوپ کے مسئلے سے دوچار نہ ہونا پڑے دیوہیکل چھتریوں کی تنصیب کا منصوبہ جلد مکمل کرنے کی ہدایت کی ہے ۔اعلیٰ قیادت کے حکم کے مطابق یہ کام اعلیٰ اور معیاری شکل میں انجام دیا جائے گا۔