• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

حکومت نے مسئلہ کشمیر پر موثر سفارتکاری نہیں کی، احسن اقبال

حکومت نے مسئلہ کشمیر پر موثر سفارتکاری نہیں کی، احسن اقبال


اپوزیشن جماعت مسلم لیگ ن نے وزیراعظم عمران خان پر کشمیر کی صورتحال پر موثر سفارت کاری نہ کرنے کا الزام لگادیا ہے۔

سابق وفاقی وزیر اور ن لیگ کے سیکریٹری جنرل احسن اقبال نے پریس کانفرنس کے دوران کہا کہ عمران خان نے نریندر مودی کے اقدام کے بعد کسی مسلم ملک کا دورہ نہیں کیا۔

انہوں نے کہا کہ مسئلہ کشمیر پر حکومت کی نالائقی اور ناتجربہ کاری کے باعث وہ سفارت کاری نہیں کی جاسکی جو سود مند ثابت ہوتی، وزیر اعظم اور وزیر خارجہ بتائیں، اب تک کتنے ممالک کے دورے کئے؟

ن لیگی رہنما نے مزید کہا کہ وزیراعظم نے امارات کے ولی عہد کو بھی 25دن بعد ٹیلی فون کیا، وزیر خارجہ چین کے سوا کسی ملک کے دارالحکومت نہیں جاسکے۔

ان کا کہنا تھا کہ مسئلہ کشمیر کی حالیہ صورتحال میں شاہ محمود دنیا کے دارالحکومتوں میں جانے کے بجائے ملتان چلے جاتے ہیں۔

احسن اقبال نے یہ بھی کہا کہ وزیراعظم عمران خان کو ہنگامی دورے کرکے مقبوضہ کشمیر سے کرفیو اور بلیک آؤٹ ختم کرانا چاہیے تھا۔

ن لیگ کے جنرل سیکریٹری نے کارکنوں کو نئے انتخابات کی تیاری کی ہدایت کردی اور کہا کہ ان کی جماعت 2020ء کو الیکشن کا سال بنائے گی۔

انہوں نے کہا کہ مڈٹرم انتخابات کا آپشن آئین میں موجود ہے، نیا عوامی مینڈیٹ ناگزیر ہوچکا ہے، موجودہ حکومت کا مزید ٹھہرنا جمہوریت اور ملکی سلامتی کے لیے خطرہ ہے۔

احسن اقبال نے کہا کہ حکومت سے کوئی ڈیل نہیں ہو رہی، حکومت خوفزدہ ہے کہ جج ارشد ملک کی ویڈیو کے بعد نوازشریف کو مزید پابند سلاسل رکھنا ممکن نہیں رہا۔

تازہ ترین