نیویارک( جنگ نیوز) سوئٹزرلینڈ کے راجر فیڈرر یوایس اوپن ٹینس چیمپئن شپ کے کوارٹر فائنل میں پہنچ گئے۔ اتوار کو عالمی نمبر تین اور پانچ بار ٹائٹل اپنے نام کرنے والے فیڈرر نے کسی مشکل کے بغیر بیلجئم کے ڈیوڈ گوفن کو اسٹریٹ سیٹس میں مات دے کر کیریئر میں 13 ویں بار کوارٹر فائنل کیلئے کوالیفائی کیا۔
فرانس کے گیل مونفلس اور ارجنٹائن کے ڈیاگو شوارٹزمین نے یو ایس اوپن مینز سنگلز کے پری کوارٹر فائنل میں جگہ بنا لی۔ امریکا میں جاری یو ایس اوپن کے تیسرے رائونڈ میں عالمی نمبر 13فرانس کے گیل مونفلس نے کینیڈا کے ڈینس شیپلوف کو سخت مقابلے کے بعد ہرا کر ناک آئوٹ مرحلے تک رسائی حاصل کی، ارجنٹائن کے ڈیاگو شوارٹزمین نے امریکا کے ٹینیز سینڈگرن کو اسٹریٹ سیٹس میں شکست دی۔ اٹلی کے میٹو بریٹینی نے آسٹریلیا کے الیکسی پوپیرن کو ہرایا اور پری کوارٹر فائنل کیلئے کوالیفائی کیا۔ روس کے اینڈرے روبلوف نے آسٹریلیا کے نک کرگیوس زیر کرکے ایونٹ سے آئوٹ کردیا۔ خواتین سنگلز میں عالمی نمبر ایک جاپان کی نائومی اوساکا اور سوئٹزرلینڈ کی بلینڈا بینچچ نے پری کوارٹرفائنل میں جگہ بنالی۔ امریکا میں جاری میگا ایونٹ کے تیسرے رائونڈ میں عالمی نمبر ایک جاپان کی نائومی اوسکا نے مقامی کھلاڑی کوری گف کو ہرا کر ناک آئوٹ مرحلے میں نشست حاصل کی۔ سوئٹزرلینڈ کی بلینڈا بینچچ بغیر میچ کھیلے اگلے رائونڈ میں پہنچ گئیں کیونکہ ان کی حریف میچ سے قبل ان فٹ ہوگئیں۔ البتہ اسٹریلیا کی نمبر دو سیڈ ایشلے بارٹی کو شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ انہیں چین کی وینگ قوان نے آسانی سے اسٹریٹ سیٹس میں شکست دی۔ برطانیہ کی یوہانا کونٹا نےچوتھے رائونڈ میں جمہوریہ چیک کی کیرولینا پسلکوا کا چیلنج رفع کیا۔