• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ماہرینِ اغذیہ نے ہر قسم کی دال کو دُنیا کی صحت بخش ترین غذا قرار دیا ہے کہ افادیت کے اعتبار سے دالیں، گوشت سے کسی طور کم نہیں، جب کہ گوشت کی نسبت ان کے کوئی مضراثرات بھی نہیں۔ اگر کوئی وزن میں کمی چاہتا ہے، تو بےشک جم جوائن نہ کرے، بس دال ہی کو اپنی روزمرّہ غذا کا حصّہ بنالے کہ دالوں میں چکنائی نہ ہونے کے برابر پائی جاتی ہے۔ تو لیجیے، اس اتوار دال ہی کی چند مختلف تراکیب حاضر ہیں۔

چٹ پٹی دال

اجزاء:چنے کی دال(اُبال لیں)ایک کپ، ادرک، لہسن کا پیسٹ ایک کھانے کا چمچ، ہلدی پاؤڈر ایک چائے کا چمچ، نمک حسب ذائقہ ،لال مرچ (کُٹی ہوئی) ایک چائے کا چمچ، لال مرچ پاؤڈر ایک چائے کا چمچ ،رائی دانہ آدھا چائے کا چمچ، کلونجی آدھا چائے کا چمچ ،میتھی دانہ آدھا چائے کا چمچ ،سونف(کُٹی ہوئی) ایک چائے کا چمچ،سفید زیرہ (کُٹا ہوا) ایک کھانے کا چمچ،دھنیا(کُٹا ہوا) ایک کھانے کا چمچ،پیاز(باریک کاٹ لیں)ایک عدد، ٹماٹر (اُبال کرپیسٹ بنا لیں)تین عدد، لوکی ایک عدد، املی کا پیسٹ ایک چوتھائی کپ، کڑی پتا ایک عدد، آم کا اچار دو چائے کے چمچ ،ہرا دھنیا ایک چوتھائی گڈی ، ہری مرچ تین سے چار عدد،تیل آدھا کپ ، اور پانی ایک کپ۔

ترکیب:ایک کڑاہی میں تیل گرم کرکے ادرک، لہسن کا پیسٹ، رائی دانہ، کلونجی، میتھی، سونف، سفید زیرہ اور دھنیا ڈال کر چند سیکنڈ کے لیے بھون لیں۔ پھر اس میں پیاز شامل کرکے اتنا پکائیں کہ وہ اچھی طرح نرم ہوجائے۔اب اس میں ٹماٹر، لوکی اور املی کا پیسٹ شامل کرکے ،ایک سے دو منٹ تک بھوننے کے بعدکڑی پتا، ہلدی، نمک، لال مرچیں(کُٹی ہوئی اور پاؤڈر)اور پانی شامل کر دیں۔ پانچ منٹ بعد چنے کی دال شامل کرکے ڈھک کرہلکی آنچ پر20منٹ تک پکنے دیں۔ آخر میں آم کا اچار، ہرا دھنیا اور ہری مرچیں شامل کرکےتیز آنچ پر تقریباً 5سے 8 نٹ تک بھون کر چولھا بندکردیں۔

شاہی دال

اجزاء:لال لوبیا،چنےاورثابت ارہر کی دال (الگ الگ)ایک چوتھائی کپ، پیاز (باریک کاٹ لیں) ایک کپ ،ادرک کا پیسٹ ایک کھانے کا چمچ ،ہری مرچوں کا پیسٹ ایک کھانے کا چمچ،ٹماٹر کا پیسٹ آدھا کپ ،ہلدی پاؤڈر ایک چوتھائی چائے کا چمچ، نمک حسبِ ذائقہ مکھن دو کھانے کے چمچ،رائی آدھا چائے کا چمچ،ثابت سفید زیرہ ایک چائے کاچمچ،ثابت لال مرچ چھے عدد، کڑی پتّادس عدد، ہرا دھنیا آدھی گڈی،کریم ایک چوتھائی کپ اورتیل ایک چوتھائی کپ۔

ترکیب:تمام دالیں رات ہی کو بھگودیں۔صُبح نتھار کر پریشرکوکر میں صاف پانی ڈال کر پکنے کے لیے رکھ دیں۔جب تمام دالیں یک جان ہوجائیں، توچولھا بند کردیں۔اب ایک پتیلی میں تیل گرم کرکے اس میں دیگر اجزاء( کریم اور ہرا دھنیا شامل نہیں کرنا) ڈال کر بھون لیں اور اس میں دالیں شامل کرکے ہلکی آنچ پر 5منٹ تک پکنے دیں۔بعد ازاں، کریم ڈال کراورسبز دھنیا چھڑک کے دو منٹ کے لیے دَم پر رکھ دیں ۔تیار ہونے پر گرم گرم سَرو کریں۔

ست رنگی دال اچاری

اجزاء:ماش، مسور، مونگ ،ثابت مسور اور چنے کی دال(ہر ایک کاالگ ) ایک چوتھائی کپ، پیاز (باریک کاٹ لیں) ایک عدد،سُرخ مرچ پاؤڈر ایک چائے کا چمچ، نمک حسبِ منشاء،ہلدی پاؤڈر آدھا چائےکا چمچ،رائی ایک چوتھائی چائے کا چمچ،میتھی دانہ ایک چوتھائی چائے کا چمچ،سونف ایک چائے کا چمچ، ثابت سفید زیرہ آدھا چائے کا چمچ، لونگ پاوڈر آدھا چائے کا چمچ،ثابت لال مرچ دس عدد، سفیدزیرہ پاؤڈر ایک چائے کا چمچ اور کڑی پتّا ایک عدد۔

ترکیب:پہلےثابت مسور اور چنے کی دال ایک ساتھ اُبال کر باؤل میں نکال لیں۔پھر الگ پتیلی میں پانی لے کر اس میں باقی دالیں، لال مرچ پاؤڈر، ہلدی اور سفید زیرہ ڈال کر اُبلنے کے لیےرکھ دیں، جب دالیں گل جائیں، تو ان میں ثابت مسور اور چنےکی دال، ہری مرچیں، نمک، رائی، لونگ، میتھی دانہ اور سونف شامل کرکے مزید پکنے دیں۔ گاڑھی ہونے پر ہلکا سا گھوٹ کر چولھا بند کردیں۔ اب پین میں تیل گرم کرکے پیاز، ثابت لال مرچ، کڑی پتّا، سفید زیرہ ڈال کر بگھار لگادیں۔مزے دار ست رنگی دال اچاری تیار ہے۔

پشاوری دال مسور

اجزاء:مسور کی دال ایک کپ،لہسن (ہلکا سا کُچل لیں)چار جوے، لال مرچ پاؤڈر ایک چائے کا چمچ، نمک حسبِ ذائقہ،ثابت سُرخ مرچ تین عدد،پانی چار کپ اور تیل دو کھانے کے چمچ۔

ترکیب:ایک پتیلی میں پانی ڈال کر دال اُبلنے کے لیے دھیمی آنچ پر رکھ دیں۔ اُبال آنے تک دال سے جھاگ اُتارتے رہیں۔جب دال گل جائے تو سرخ مرچ پاؤڈر اور نمک شامل کرکے گاڑھی ہونے تک پکنے دیں۔ پھر اچھی طرح گھوٹ لیں۔ اب ایک پین میں تیل گرم کرکے اس میں ثابت مرچ ڈال دیں اور ہلکی براؤن ہونے پر لہسن شامل کرکے دال کو بگھار لگاکر فوراً ڈھکن ڈھک دیں، تاکہ مرچ اور لہسن کی خوشبو دال میں بس جائے۔ اُبلے چاولوں کے ساتھ سرو کریں۔

(عظمیٰ مقصود،کراچی)

تازہ ترین