پاکستانی میوزک انڈسٹری کے معروف گلوکار شفقت امانت علی کو اپنی نئی میوزک ویڈیو ’پہلی سی محبت‘ میں رومانوی کردار میں نظر آنے پر شدید تنقید کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔
شفقت امانت علی نے حال ہی میں لیجنڈری گلوکار مہدی حسن کی مشہور غزل ’پہلی سی محبت‘ کا کور ورژن ریلیز کیا ہے۔
اس رومانوی میوزک ویڈیو میں مشہور پاکستانی فلمسٹار ریشم اور شفقت امانت علی مرکزی کردار میں نظر آ رہے ہیں۔ یہ میوزک ویڈیو31 دسمبر 2025ء کو ریلیز کی گئی ہے۔
گلوکار کے مداحوں کو ان کی آواز میں گانے کا یہ کور ورژن تو پسند آیا لیکن اس کی میوزک ویڈیو اور اس میں ان کا رومانوی کردار ادا کرنا زیادہ پسند نہیں آیا اس لیے وہ ان پر تنقید کر رہے ہیں۔
شفقت امانت علی کے بہت سے مداحوں کا خیال ہے کہ یہ کردار ایک اداکار کو دیا جانا چاہیے تھا جبکہ ان کے کچھ مداحوں نے تو میوزک ویڈیو کو بھی نامناسب اور مایوس کن قرار دیا۔