پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن کے سیکریٹری خالد محمود نے کہا ہے کہ شوٹنگ میں خلیل احمد کا ٹوکیو اولمپکس کے لیے کوالیفائی کرنا خوش آئند ہے، انہوں نے ہاکی ٹیم کے براہ راست کوالیفائی نہ کرنے پر افسوس کا اظہار کیا۔
جیو نیوز کے پروگرام ’’اسکور‘‘ میں بات چیت کے دوران اس سوال پر کہ ٹوکیو اولمپکس کے لیے پاکستان کے کتنے ایتھلیٹس شرکت کریں گے، خالد محمود کا کہنا تھا کہ کراٹے میں سعدی عباس، تائی کوانڈو میں ہارون، ویٹ لفٹنگ میں طلحٰہ طالب اور جوڈو میں شاہ حسین کے امکانات روشن ہیں، البتہ سوئمنگ اور ایتھلیٹکس میں دو مرد اور دو خواتین کو پاکستان کے لیے اولمپک گیمز 2020ء میں وائلڈ کارڈ انٹری مل سکتی ہے۔
پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن کے سیکریٹری کہتے ہیں کہ اولمپک مقابلوں کی تاریخ میں پاکستان نے ہاکی میں 8 میڈل جیتے ہیں، تاہم ابھی یہ طے ہونا ہے کہ ٹوکیو اولمپکس میں ہم ہاکی ایونٹ کھیل بھی سکیں گے یا نہیں؟
اُن کا کہنا تھا کہ ہاکی چوں کہ ٹیم گیم ہے، لہٰذا اس میں ہمیں وائلڈ کارڈ انٹری نہیں مل سکتی، انٹرنیشنل اولمپک ایسوسی ایشن کے قواعد کے مطابق انفرادی کھیلوں میں یا پھر بہتر رینکنگ کے باوجود اولمپکس کے لیے منتخب نہ ہونے والے ایتھلیٹ کو وائلڈ کارڈ انٹری دی جاتی ہے۔
یاد رہے 24 جولائی سے 9 اگست 2020ء تک جاپان کا شہر ٹوکیو اولمپک کھیلوں کا میزبان ہوگا، توقع ہے کہ ٹوکیو اولمپک میں 206 ممالک کے گیارہ ہزار سے زائد ایتھلیٹ ایکشن میں ہوں گے۔