• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

عابد علی کے انتقال کی جھوٹی خبریں زیرِ گردِش

سوشل میڈیا پر معروف اداکار و پروڈیوسر عابد علی کے انتقال کی خبریں گردِش کر رہی ہیں جس کے بعد اُن کی بیٹیوں نے اس خبر کی تردید کردی ہے۔

گزشتہ روز اداکار و پروڈیوسر عابد علی کی بیٹی نے سوشل میڈیا پر اپنے والد صاحب کی نا ساز طبیعت کی خبر دی تھی، راحمہ علی نے اپنی انسٹاگرام اسٹوری میں لکھا تھا کہ ’گزشتہ دو ماہ سے میرے والد کی طبیعت زیادہ خراب ہے اور ایک نجی اسپتال میں زیرِ علاج ہیں، ڈاکٹروں کی جانب سے  اُنہیں جواب دے دیا گیا ہے۔‘

راحمہ علی نے اپنے والد کے مداحوں سے دُعا کی اپیل کی تھی کہ ’میرے والد صاحب کی صحتیابی کے لیے دُعا کریں، ہمیں آپ کی دُعاؤں کی ضرورت ہے۔‘

عابد علی کی بیٹی کی جانب سے اِس خبر کے بعد سوشل میڈیا پر اُن کے انتقال کی خبریں گردِش کر رہی ہیں، سوشل میڈیا صارفین نے یہ اطلاع دی کہ عابد علی کراچی کے نجی اسپتال میں انتقال کرگئے ہیں۔



اِس غلط اطلاع کے بعد عابد علی کی بیٹی راحمہ علی نے سوشل میڈیا پر اِس خبر کی تردید کرتے ہوئے لکھا کہ ’میرے والد صاحب زندہ ہیں اور انشااللّہ زندہ رہیں گے، خُدارا غلط خبریں نہیں چلائیں، وہ جب تک زندہ ہیں اُن کو زندہ رہنے دیں۔‘

دوسری جانب اُن کی بیٹی ایمان علی نے بھی والد کےانتقال کے متعلق چلنے والی جھوٹی خبرکا اسکرین شورٹ لے کر سوشل میڈیا اسٹوری میں لگایا اور لکھا کہ ’یہ جھوٹی خبر ہے۔‘

واضح رہے کہ عابد علی پاکستان شوبز انڈسٹری کے نامور اداکاروں میں سے ایک اداکار ہیں اور اُن کی بیٹیوں کا تعلق بھی شوبز انڈسٹری سے ہے۔

تازہ ترین