• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ملک میں فٹ بال کے کھلاڑیوں کی کمی نہیں، اگر میرٹ پر انتخاب کیا جائے تو کئی باصلاحیت کھلاڑی قومی ٹیم کو مل جاتے ہیں، ہماری کوشش ہے کہ حقدار اور باصلاحیت کھلاڑیوں کا انتخاب کرکے انہیں قومی کیمپ کا حصہ بنایا جائے۔

اس بات کا اظہار پاکستان فٹ بال فیڈریشن کے نائب صدر اور صدر پنجاب فٹبال ایسوسی ایشن نے انڈر۔16فٹبال ٹیم کے ٹرائلز میں شرکت کرنے والے کھلاڑیوں سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

قبل ازیں انڈر 16فٹبال ٹیم کے ٹرائلز میں شرکت کے بعد 35 کھلاڑیوں کو منتخب کرلیا گیا۔

پہلے مرحلے میں پنجاب کی تمام ڈسڑکٹ میں ٹرائلز کا انعقادہوا جس میں پنجاب بھر سے کھلاڑیوں نے حصہ لیا۔

پنجاب اسپوٹس بورڈ اور پنجاب فٹبال ایسوسی ایشن کے مشترکہ تعاون سے پنجاب انڈر 16فٹبال ٹیم کے ٹرائلز پنجاب فٹبال اسٹیڈیم لاہورمیں منعقد ہوئے جس میں پنجاب کے جملہ ڈسٹرکٹس سے 200 سے زائدکھلاڑیوں نے حصہ لیا۔

پہلے مرحلے میں پنجاب کی تمام ڈسٹرکٹ میں ٹرائلز کا انعقادہوا۔ فائنل ٹرائلز کا انعقاد لاہور میں ہوا۔جس میں پنجاب بھر سے کھلاڑیوں نے حصہ لیا۔ 35 کھلاڑیوں کو عمدہ کارکردگی کی بنیاد پر منتخب کیا گیا۔ ان کھلاڑیوں کا کیمپ عاشورہ محرم کے فوری بعد ملتان میں لگایا جائے گا۔

ٹرائلزکے اختتام پر سردار نوید حیدر خان، نائب صدر پی ایف ایف اور صدر پنجاب فٹبال ایسوسی ایشن نے کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی کرتے ہوئے کہا کہ ہمارا یہ کیمپ جدید تکنیک اور سائنسی بنیادوں پر کوالیفائیڈ کوچز کی زیر نگرانی لگایا جائیگا۔ بعدازاں پنجاب انڈر۔18 کے کیمپ کی بھی تیاریوں کو حتمی شکل دی جارہی ہیں۔

میڈیا سے بات کرتے ہوئے سردار نوید حیدر خان کا کہنا تھا کہ پنجاب میں فٹبال کو گراس روٹ لیول سے ترقی کی راہ میں گامزن کرنا ہماری اوّلین ترجیح ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ پنجاب فٹبال ایسوسی ایشن، ڈائریکٹر جنرل پنجاب اسپورٹس بورڈ، عدنان ارشد کی شکرگزار ہے کہ جنہوں نے ہمیں پنجاب میں فٹبال کی ترقی کے لیے ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کروائی ہے اور ہم مل جل کر پنجاب میں فٹبال کی ترقی کے لیے کام کریں گے۔

مزیدبراں انہوں نے شاہد نظامی ڈپٹی ڈائریکٹر، ساجد علی سینئر کوچ، اظہر محمود، ایڈمنسٹریٹر پنجاب فٹبال اسٹیڈیم کا بھی شکریہ ادا کیا۔

صدر پی ایف اے نے سلیکشن کمیٹی کے ممبران محسن الحسنین AFC ''A'' لائسنس کوچ سیف گیمز گولڈ میڈلسٹ نوید اکرم اور محمد ساجد سینئر کی کوچنگ کو سراہتے ہوئے کہا کہ ہم امید کرتے ہیں کہ آپ دوران کیمپ کھلاڑیوں کو جدید ٹیکنیک اور سائنسی بنیادوں پر آگاہی دیں گے۔

شاہد نظامی، ڈپٹی ڈائریکٹر پنجاب اسپورٹس بورڈ نے پنجاب فٹبال ایسوسی ایشن کواپنے مکمل تعاون کا یقین دلاتے ہوئے کہا کہ ملتان میں لگائے جانے والے کیمپ کے دوران کھلاڑیوں کو بہترین سہولیات مہیا کی جائیں گی۔

اس موقع پر چوہدری فقیر محمد، ممبر پی ایف ایف کانگریس، نوید اسلم لودھی، محمد عارف، محمود خالد، انیس احمد خان لودھی، ممبر پنجاب کانگریس، تنویر ضیاء بٹ، انیق احمد ڈاراور مرزا ندیم سرور بھی موجود تھے۔

تازہ ترین