راولپنڈی(اپنے رپورٹر سے ) راولپنڈی میں ڈینگی کے دو افراد کی ہلاکت کی سرکاری تصدیق ہوگئی ہے تاہم مقامی انتظامیہ تاحال تصدیق نہیں کررہی ہے۔ ڈائریکٹر جنرل ہیلتھ سروسز پنجاب نے ڈینگی کے باعث راولپنڈی میں ہونے والی دوہلاکتوں کی تفصیلات طلب کرلی ہیں ۔ذرائع کےمطابق اب تک پانچ افراد ڈینگی سے ہلاک ہوچکے ہیںجس میں دو سگے بھائی سعود اور سعد،رشیدہ بی بی،نادیہ بی بی،بابر اور ایک نامعلوم عورت شامل ہیں ۔دریں اثناء ڈینگی بخار نے ایک اور 60 سالہ خاتون کی جان لے لی ۔گلزارقائد سے تعلق رکھنے والی رشیدہ بیگم کو چار روز قبل ہسپتال میں داخل کیا گیا تھا۔جبکہ سرکاری ذرائع موت کی وجہ ہارٹ فیل بتا رہے ہیں۔ غیر سرکار ی ذرائع کے مطابق بدھ کو مزید55افراد میں ڈینگی کی تصدیق کے بعد کل تعداد992ہوگئی جبکہ سرکاری ذرائع کے مطابق تعداد981ہے۔