سکردو( نثار عباس نامہ نگار) سپریم اپلیٹ کورٹ گلگت بلتستان کے از خود نوٹس کیس میں پی آئی اے نے گلگت اور سکردو کے درمیان مہینے میں چار پروازیں چلانے کے شیڈول کا اعلان کر دیا ۔ سپریم اپلیٹ کورٹ نے گلگت اور سکردو کے مسافروں کو درپیش سفری مشکلات کے پیش نظر پروازیں نہ چلانے کے خلاف از خود نوٹس لیا تھا۔ از خود نوٹس کیس کی سماعت کے دوران پی آئی اے اور سول ایوی ایشن اتھارٹی کے نمائندوں نے عدالت میں اسلام آباد،گلگت سکردو اوراسلام آباد سے سکردو اور گلگت کے درمیاں ہر پیر اور جمعرات کو پروا ز یں چلانے کیلئے شیڈول کا اعلان کر تے ہوئے کہا کہ پی آئی اے کی پہلی پرواز28مارچ کو اسلام آباد سے گلگت اور گلگت سے سکردو اور سکردو سے واپس اسلام آباد کیلئے چلے گی۔ فاضل عدالت نے شاہین ائیر لائن کے ڈپٹی منیجنگ ڈائریکٹر فیصل رفیق کے ناقابل ضمانت وارنٹ جاری کرتے ہوئے کہا کہ اگر فیصل رفیق25 تاریخ کو عدالت میں حاضر نہ ہوا تو عدالت حکومت کو شاہین ائیر لائن کی پروازیں تاحکم ثانی معطل کرنے کا حکم جاری کر سکتی ہے۔ سپریم اپلیٹ کورٹ کے سیکرٹری عثمان جنجوعہ نے ’’جنگ ‘‘سے گفتگو میں کہا کہ فاضل عدالت نے28مارچ کو سکردو میں بینج قائم کر دیا ہے اور چیف جسٹس رانا محمد شمیم ممبران کے ہمراہ پی آئی اے کی پہلی پرواز سے گلگت سے سکردو کا فضائی سفر کرینگے جہاں سپریم اپلیٹ کورٹ کا بینج تین دن سکردو میں عدالتی امور نمٹائے گا۔