کراچی(اسٹاف رپورٹر) پاکستان ہاکی فیڈریشن قومی سینئر ہاکی ٹیم کی تیاری میں کس قدر سنجیدہ ہے اس کا اندازہ قومی ٹیم کی تیاری کے لئے نامزد کردہ کو چنگ اسٹاف سے لگایا جاسکتا ہے، فیڈریشن نےاذلان شاہ کپ کے لئے حنیف خان کو ہیڈکوچ اور منیجر مقرر کیا، جبکہ خواجہ جنید کو بھی ہیڈ کوچ کی ذمے داری دی گئی ہے۔ سابق کپتان احمد عالم کو گول کیپنگ کوچ ہیں مگر وہ بیرون ملک اپنے ادارے کی اہم ذمے داری کے باعث نہ آسکے، اجمل لودھی کو کوچ مقرر کیا گیا ہے۔ لاہور میں جاری کیمپ کے حوالے سے ملنے والی اطلاعات کے مطابق کھلاڑیوں کو ان کوچز سے بھی تر بیت دلوائی جارہی ہے جو کوچنگ پینل میں شامل نہیں ہیں، غیر ضروری کوچز کی فوج میں سابق اولمپئنز کامران اشرف، محمد سرور، لالہ رفیق اور حیدر رسول شامل ہیں۔ بعض کھلاڑیوں سے نام خفیہ رکھنے پر جنگ کو بتایا ہے کہ کیمپ میں اتنے کوچز آ گئے ہیں کہ ہمارے لئے سیکھنا مشکل ہوگیا ہے ، اس سے ٹیم اور کھلاڑیوں میں بہتری آنے کے بجائے خرابی پید اہوگی۔