• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

مودی نے اگرمیلی آنکھ سے دیکھا تو اسے نیست و نابود کردینگے،شیخ رشید

سکھر (بیورو رپورٹ) وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ قومی دولت کو لوٹنے والوں کا حشر عوام کے سامنے ہے، آصف زرداری کے دوست پیسے دے رہے ہیں، آصف زرداری نے اگر پیسے بنائے ہیں تو اس نے دوستوں پر بھی خرچ کئے ہیں، نواز شریف کنجوس آدمی ہے، نواز شریف کو مشورہ دے رہا ہوں کہ وہ بھی زرداری کی پالیسی پر عمل کریں۔ بھارت نے کشمیر کو کالونی بناکر غلطی کی ہے، ہر موڑ پر کشمیری بھائیوں کے ساتھ کھڑے ہیں، مودی نے اگر میلی آنکھ سے دیکھا تو اسے نیست و نابود کردینگے، عمران خان کی تقریر کے بعد کشمیر جاؤں گا، ہندوستان نے پاکستان پر حملہ کیا تو خود بارڈر پر جاکر لڑوں گا، جب دھرتی ماں نے پکارا تب ہم اپنی جان دینگے۔ بھارتی سائنسدان اتنے بڑے نہیں ہوئے کہ خلاء تک پہنچیں، مسئلہ کشمیرسے توجہ ہٹانے کے لیے خلاء کا ڈرامہ کیا گیا، جو کہ ناکام ہوا، پاکستان کو اپنے سائنسدانوں پر فخر ہے، وقت پرثابت بھی کردیں گے۔وہ سکھر میں میڈیا سے بات چیت کررہے تھے۔ وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد نے کہاکہ آصف زرداری کے دوستوں نے پلی بارگین کی کوششیں شروع کردی ہیں،نوازشریف بھی پلی بارگین کی کوشش میں ہے۔ عمران خان کسی کو این آر او نہیں دیں گے، لوگوں کوعمران خان کی دیانت پر یقین ہے، لوگوں کویقین ہے عمران خان حالات بدلے گا۔ایک سوال پر انہوں نے کہاکہ جن جن لوگوں نے گاجریں کھائی ہیں ان کو نیب کا چورن کھانا پڑے گا، اور جو زیادہ چیخ رہے تھے ان کی بولتی بند ہوگئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ مودی فاشسٹ کو اب ہم جانے نہیں دیں گے، میری رائے ملک کے 20 کروڑ لوگوں سے مختلف ہے اب مودی کو چھوڑنا نہیں ہے۔ ہم جنگ نہیں کشمیر کے مسئلے کا حل چاہتے ہیں، جنرل اسمبلی سے یہ مسئلہ حل نہیں ہونا ہے، میں بھی اس جنرل اسمبلی سے خطاب کرچکا ہوں جس سے عمران خان 27 ستمبر کو خطاب کرنے جارہے ہیں۔ مذاکرات تو بھٹو اور سورن سنگھ میں بھی ہوئے تھے مگر کوئی اثر نہیں نکلا۔ قومیں غیرت سے زندہ رہتی ہیں۔کشمیریوں نے آزادی یا موت میں سے ایک راستہ چن لیا ہے۔ ہم ان کے لیے خون کے آخری قطرے اور آخری گولی تک لڑیں گے۔ لال حویلی سے جو کال دیں گے اور اس پر جو عوام روڈ پر نکلیں گے وہ ایک ریکارڈ ہوگا۔ موجودہ میڈیا کے دور میں اب کوئی کسی کو دھوکہ نہیں دے سکتا اور کوئی کشمیر کا سودا نہیں کرسکتا۔ میں نے ڈی جی آئی ایس پی آر اور فردوس عاشق اعوان سے کہا ہے کہ وہ کشمیر میں پاکستانی چینلز کے سگنلز کھولیں۔

تازہ ترین