راولپنڈی (اپنے نامہ نگار سے) راولپنڈی و چکلالہ کنٹونمنٹ کے علاقوں سے بھی ڈینگی کے مریضں ہسپتالوں میں پہنچنا شروع ہو گئے۔ کینٹ ایریاز میں انسداد ڈینگی مہم کی مانیٹرنگ مزید سخت کرتے ہوئے انسداد ڈینگی مہم کیلئے ہر زون کو لاروا کی تلاش کر کے اسے تلف کرنے گھروں اور آئوٹ ڈور میں ڈینگی سرویلنس کے ٹاسک سونپ دیئے گئے ہیں۔ ہسپتالوں میں ڈینگی ایمرجنسی برقرار ہے جبکہ ڈینگی پھیلنے کے بڑے علاقوں آر ڈی اے کنٹرول ایریاز سمیت شہرو کینٹ کے تمام علاقوں میں ڈینگی سرویلنس، لاروا کی تلاش، آئی آر ایس سپرے اور فوگنگ بھی کی جا رہی ہے۔ ادہر بینظیر بھٹو جنرل ہسپتال، ہولی فیملی ہسپتال اور ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر ہسپتال کی ڈینگی وارڈز میں مریضوں کی آمد کا سلسلہ بدستور جاری ہے۔ ان ہسپتالوں سے اب تک 850ڈینگی کا شکار مریض ڈسچارج ہو کر گھروں کو جا چکے ہیں۔ آر ڈی اے کے کنٹرول ایریاز میں گزشتہ چار ہفتوں سے ائرپورٹ ہائوسنگ سکیم، وکیل کالونی، گلزار قائد، ڈھوک منشی، کوٹ جبی، ڈھوک کالا خان سمیت دیگر ملحقہ علاقوں میں ڈینگی کیخلاف کریش پروگرام کے باوجود گزشتہ چوبیس گھنٹوں میں ان علاقوں سے مزید 31ڈینگی کا شکار شہری ہسپتالوں میں لائے گئے ہیں۔