• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

شرپسندوں اور نفرت کو ہوا دینے والوں سے کوئی نرمی نہ برتی جائے‘ سی پی او

راولپنڈی (سٹاف رپورٹر) سٹی پولیس آفیسر محمد فیصل رانا نے کہا ہے کہ شرپسندوں اور نفرت کو ہوا دینے والوں کے ساتھ کوئی نرمی نہیں برتی جائیگی۔ محرم الحرام کے جلوسوں اور مجالس کی سکیورٹی کو یقینی بنانے کیلئے تمام ذرائع استعمال کئے جائیں گے۔ ایک اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ نیشنل ایکشن پلان اور امن کمیٹی کے ضابطہ اخلاق کی معمولی سی خلاف ورزی کو بھی برداشت نہیں کیا جائیگا۔ ایسا کوئی بھی واقعہ میرے نوٹس میں فوری لایا جائے اور امن و امان خراب کرنے والے ایسے تمام عناصر کیخلاف سخت کارروائی کی جائے۔ سی پی او نے اجلاس میں موجود ایس ایس پی آپریشنز سید علی اکبر، ایس ایس پی انوسٹی گیشن محمد فیصل، ایس پی صدر رائے مظہر اقبال، ایس پی پوٹھوہار سید علی، ایس پی راول آصف مسعود اوردیگر افسران کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ نیشنل ایکشن پلان اور امن کمیٹی کے ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی امن کی صورتحال کو خراب کرنے کی کوشش تصور ہو گی اور امن کے معاملہ میں کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائیگا۔ قانون شکن افراد چاہے کتنے بھی طاقتور کیوں نہ ہوں قانون کی طاقت کے سامنے انکی حیثیت ایک قانون شکن کی سی ہے اور راولپنڈی پولیس قانون شکنوں سے نمٹنا بخوبی جانتی ہے۔ سی پی او نے کہا کہ جلوسوں اور مجالس کی حساسیت کے مطابق سکیورٹی کے ایسے انتظامات کئے جائیں کہ کسی قسم کی شرپسندی کا کوئی معمولی واقعہ بھی رونما نہ ہوسکے۔ اس سلسلے میں پولیس کو جتنے وسائل درکار ہونگے میں خود فراہم کرونگا۔ اجلاس کے اختتام پر سی پی او نے ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ محکمہ داخلہ کی ایس او پی اور جلوس و مجالس کی سکیورٹی کے متعلق جاری کردہ ہدایات پر من و عن عملدرآمد کو یقینی بنایا جائے اور اس سلسلہ میں کوئی کوتاہی برداشت نہیں کی جائیگی۔ تمام افسران خود فیلڈ میں موجود رہیں اور حالات پر باریک بینی سے نظر رکھیں تاکہ امن و امان کی صورتحال کو برقرار رکھا جاسکے۔
تازہ ترین