آپ آف لائن ہیں
جنگ ای پیپر
بدھ 18؍محرم الحرام 1441ھ 18؍ستمبر 2019ء
Namaz Timing
  • بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیئرمین و ایگزیکٹوایڈیٹر: میر جاوید رحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

عمران بٹ کی منظور جونیئر اور خواجہ جنید پر شدید تنقید

پاکستان ہاکی ٹیم کے سابق گول کیپر 31سالہ عمران بٹ نے جیو نیوز کے پروگرام ’’اسکور‘‘ میں بات چیت کرتے ہوئے کہا ہے کہ میری خواہش ہے کہ پاکستان ہاکی ٹیم ہالینڈ کے خلاف فتح کے ساتھ ’’ٹوکیو اولمپکس 2020ء‘‘ تک رسائی حاصل کرے، تاہم انہوں نے خدشات کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ سب کچھ اتنا آسان نہیں ہوگا۔

اولمپئین ریحان بٹ کے بھائی گول کیپر عمران بٹ نے چند ماہ پہلے بین الاقوامی ہاکی سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کردیا تھا، چند روز قبل لاہور میں انہوں نے پی ایچ ایف کے سیکریٹری اولمپئین آصف باجوہ سے ملاقات کی تھی، جہاں انہوں نے بین الاقوامی ہاکی میں اولمپئین خواجہ جنید کی موجودگی میں واپسی کا امکان مسترد کر دیا۔

عمران بٹ کا موقف ہے کہ چیف سلیکٹر منظور جونئیر اور اولمپئین خواجہ جنید کی وہ بطور سینئر عزت کرتے ہیں، البتہ انہیں افسوس کے ساتھ کہنا پڑتا ہے کہ دونوں کچھ عرصے پہلے فیڈریشن پر تنقید کر رہے تھے،اب عہدہ لے کر خاموش ہو گئے ہیں۔

سابق گول کیپر نے چیف سلیکٹر منظور جونیئراور خواجہ جنید پر شدید الفاظ میں تنقید کرتے ہوئے کہا کہ بناء منصوبہ بندی دونوں قومی کھیل کو آگے نہیں لے جاسکتے اور انہیں لگتا ہے کہ ماضی کے تجربات کے بعد فیڈریشن کا آزمائے ہوئے اولمپئینز کی طرف دیکھنا،نقصان کے سوا کچھ نہیں ہوگا۔

عمران بٹ نے کہا کہ وہ دعا گو ہیں کہ پاکستان ہاکی ٹیم ہالینڈ کو شکست دے کر اولمپک کے لئے کوالیفائی کرے لیکن انہیں افسوس کے ساتھ کہنا پڑتا ہے کہ مینجمنٹ اب سے ہی 2024ء اولمپکس کی تیاری کی باتیں کرنے لگی ہے،کیوں کہ انہیں ابھی سے ہی اپنے کل کی فکر ستانے لگی ہے۔

کھیلوں کی خبریں سے مزید