نیویارک (جنگ نیوز) یو ایس اوپن ٹینس منیز سنگلز ٹائٹل رافیل نڈال نے جیت لیا۔ یہ ان کا 19واں گرینڈ سلم اعزاز ہے۔ فائنل میں انہوں نے روسی ڈینلمیدویدیف کو شکست دی۔
انہیں اس فتح پر 3.85ملین ڈالر کی انعامی رقم بھی ملی۔ نڈال نے ابتدائی دو سیٹس میں کامیابی حاصل کی لیکن اگلے دو سیٹ میدویدیف کےنام رہے لیکن پانچویں سیٹ میں رافیل نڈال نے ایک بار پھر بازی پلٹی اور مقابلہ جیت لیا۔ 33سالہ رافیل نڈال، سوئٹزرلینڈ کے راجر فیڈرر سے صرف ایک گرینڈ سلم پیچھے ہیں۔ 1970 میں اوپن ایرا کے بعد نڈال یو ایس اوپن جیتنے والے دوسرے معمر ترین کھلاڑی بن گئے ہیں جہاں 1970 میں کین روزویل نے 35سال کی عمر میں یہ ٹائٹل جیت کر یہ اعزاز حاصل کیا تھا یہ ریکارڈ اب تک قائم ہے۔دونوں کھلاڑیوں کے درمیان سخت مقابلہ دیکھنے میں آیا اور یہ میچ 4 گھنٹے 51 منٹ تک جاری رہا۔یو ایس اوپن ٹائٹل جیتنے کے بعد رافیل نڈال نے سخت حریف ثابت ہونے والے روسی کھلاڑی میدویدیفکو بہترین کھیل پیش کرنے پر مبارکباد بھی دی۔