• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

عقیدہ ٔ ختم نبوت پر کسی قسم کی کوئی لچک نہیں دکھائی جائے گی ،مقررین

لاہور(نمائندہ جنگ ) مجلس احراراسلام پاکستان کے زیراہتمام عظیم الشان سالانہ ختم نبوت کانفرنس کے مقررین نے کہاہے کہ عالمی طاقتوں کے دبائو پرآئین کی اسلامی شقوں سے چھیڑخانی کی گئی ،تو تن من دھن قربان کرکے سخت مزاحمت کریں گے ،اور عقیدہ ٔ ختم نبوت پر کسی قسم کی کوئی لچک نہیں دکھائی جائے گی ۔مجلس احراراسلام پاکستان کے شعبہ تبلیغ تحفظ ختم نبوت کے زیراہتمام کانفرنس میاں محمد اویس کی نگرانی میں ایوان احرار نیومسلم ٹائون لاہور میں منعقد ہوئی ،جس سے سید محمد کفیل بخاری ، عبداللطیف خالد چیمہ ،لیاقت بلوچ ، مولانا محمد امجد خان ،سید عطاء اللہ شاہ ثالث ،قاری علیم الدین شاکر، بیرسٹر عامر حسن ،خواجہ عمران نذیر ،مولانا مفتی عزیزالرحمن ،حافظ ابراہیم نقشبندی،حافظ عابد مسعود ڈوگر،مفتی غلام حسین نعیمی ،مولانا شفیع الرحمن ، حکیم محمد ماجد،مولانا محمد اسلم ندیم نقشبندی،مولانا تنویرالحسن احرار ، مولانا فداء الرحمن ، قاری محمد قاسم بلوچ ، مولانا محمد سرفرازمعاویہ ،قاری مومن شاہ ، حافظ حسن افضال صدیقی ، قاری آصف اللہ ،حافظ حماد ، قاری محمد عثمان ، مزمل حسن ، مدثر برادران ،حافظ سیف اللہ سائبان،حافظ ابوبکراشرف مدنی اور محمد علی نے شرکت وخطاب کیا۔جماعت اسلامی کے نائب امیر لیاقت بلوچ نے کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ ختم نبوت کے قوانین کے خاتمہ کے لیے قادیانیوں کے ذریعے خطرناک سازشیں ہورہی ہیں ۔انہوں نے کہاکہ کشمیر کے مسئلہ پر سفارتی محاذ بہت کمزور جارہاہے ۔سید محمد کفیل بخاری نے کہاکہ محاسبہ قادیانیت ہماری وراثت ہے اوریہی وراثت ہماری پہچان ہے ۔عبداللطیف خالد چیمہ ،مولانا محمد امجد خان ،سید عطاء اللہ شاہ ثالث نے کہاکہ انگریز کے خود کاشتہ پودے قادیانیت کے سدباب کے لیے عصری تقاضوں کے ساتھ مقابلہ کرنے کی اشد ضرورت ہے ۔ کانفرنس کی قراردادوں میں مطالبہ کیاگیاکہ اسلامی نظریاتی کونسل کی سفارشات کی روشنی میں ارتداد کی شرعی سزا نافذکی جائے۔
تازہ ترین