• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کالعدم تنظیموں اور فورتھ شیڈول میں شامل افراد کی نگرانی کا حکم

راولپنڈی(سٹاف رپورٹر ) سٹی پولیس آفیسر محمد فیصل رانا نے عاشورہ محرم کے موقع پر کالعدم تنظیموں اور فورتھ شیڈول میں شامل افراد کی کڑی نگرانی کا حکم دے دیا۔ سٹی پولیس آفیسر نے ایکاجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہا کہ ایسے افراد معاشرتی امن کیلئے خطرے کا باعث بنتے ہیں ،راولپنڈی کے تینوں ڈویژنل ایس پیز اپنے اپنے علاقوں میں فورتھ شیڈول میں شامل افراد کو چیک کروائیں ،اپنے مسکن سے غیر حاضر فورتھ شیڈول میں شامل افراد کو فوری حراست میں لے کر رپورٹ پیش کریں ،اس سلسلے میں غیر ذمہ داری کا مظاہرہ کرنے والے ایس ایچ اوسے بازپرس کی جائے ۔ اجلاس میں ایس ایس پی آپریشنز سید علی اکبر ، ایس ایس پی انوسٹی گیشن محمد فیصل ، ایس پی صدر رائے مظہر اقبال ، ایس پی پوٹھوہار سید علی ، ایس پی راول آصف مسعود کے علاوہ دیگر پولیس افسران نے شرکت کی۔اجلاس کے دوران عاشورہ محرم کی سیکورٹی فول پروف بنانے کے اقدامات کا جائزہ لیا گیا ، سی پی او نے ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ شرپسند عناصر پر کڑی نظر رکھی جائے ،کسی بھی شرانگیزی پر مبنی پوسٹ لگانے ،اس پوسٹ کو شیئر کرنے اور اس کے حق میں اپنی رائے دینے والوں کو بھی گرفتار کیا جائے ،قانون نافذ کرنے والے اداروں کو ففتھ جنریشن وار کا سامنا ہے ،سوشل میڈیا پر لگائی جانے والی آگ پورے راولپنڈی ضلع کو اپنی لپیٹ میں لے سکتی ہے۔معاشرتی امن قائم رکھنے کیلئے تمام وسائل بروئے کا ر لائے جائیں ، عشرہ محرم ہمیں امن ،بھائی چارے اور تفرقہ بازی سے روکنے کا درس دیتا ہے ، دسویں محرم کے مرکزی جلوس کی فضائی نگرانی بھی کی جائے گی۔ ادھر سٹی پولیس آفیسر محمد فیصل رانا کے حکم پر عاشورہ محرم کی سیکورٹی کے حوالے سے تمام ڈویژنوں کے مشتبہ علاقوں میں سر چ آپریشن شروع کردئیے گئے ۔سی پی او نے کہا کہ راولپنڈی ضلع میں کسی بھی مشکوک شخص کو برداشت نہیں کیا جائے گا ،سرچ آپریشن کے دوران تمام افراد کی تصدیق کی جائے ،جو کوئی اپنی موجودگی کی مناسب وجہ یا دستاویزات پیش نہ کرسکے ایسے شخص کو فوری گرفتار کرکے حوالات میں بند کیا جائے ،سرچ آپریشن دسویں محرم کے سیکورٹی انتظامات کا حصہ ہے ،امن کمیٹی کے ممبران سے روابط تیز کیے جائیں تاکہ جرائم پیشہ ، شدت پسند اور قانون شکن عناصر کا بروقت پتہ لگایا جاسکے ،سرچ آپریشن کے دوران ناجائز اسلحہ کو بھی ریکور کیا جائے،اسلحہ قانونی ہو یا غیر قانونی ہرقسم کے اسلحہ کی نمائش پر مکمل پابندی ہے ،جو افراد اسلحہ کی نمائش اور محکمہ داخلہ کی طرف سے جاری شدہ ضابطہ کی خلاف ورزی کریں گے ایسے افراد کو فوری گرفتار کرکے مقدمات درج کیے جائیں ،سرچ آپریشن کے دوران مشکوک افراد کی مکمل رپورٹ پیش کی جائے،سی پی او نے کہا کہ عاشورہ محرم کی سیکورٹی کو فول پروف بنایا جائے ، روایتی اور لائسنسی جلوسوں کو مکمل سیکورٹی فراہم کی جائے ،اس بات کو مدنظر رکھا جائے کہ جلوس بروقت اپنا روٹ مکمل کریں ، غیر لائسنسی جلوس نکالنے والوں کے خلاف مقدمات درج کیے جائیں تاکہ کوئی شرپسند اور قانون شکن عنصر مذہب کی آڑ میں اپنا مقصد حاصل نہ کرسکے۔
تازہ ترین